دیو آنند کی 9 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

0
29

گورنمنٹ کالج لاہور نے برصغیر کی فلمی صنعت کو کئی مقبول اسٹارز دئیے جن میں سے ایک نام دیو آنند کا ہے۔آج ان کی9ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ راوین دیو آنند26ستمبر 1923 کو نارووال کے قریب شکر گڑھ میں ایک وکیل پشوری لال آنند کے ہاں پیدا ہوئے ان کا اصل نام دھرم دیو آنند تھا۔انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے انگلش لٹریچر میں بی اے کا امتحان پاس کیا۔ دیوآننداداکار اشوک کمار سے بے حد متاثر تھے۔ ان کی فلموں اچھوت کنیا اور قسمت دیکھنے کے بعد انہیں بھی فلموں میں کام کرنے کا شوق ہوا۔ان کے بڑے بھائی چیتن آنند انڈین پیپلز تھیٹر ایسوسی ایشن کے رکن تھے۔اسی حوالے سے ان کی ملاقات پربھات فلمز سٹوڈیو کے بابو راؤ پائی سے ہوئی جنہوں نے دیوآنند کو اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی اور یوں 1946میں بننے والی فلم ہم ایک ہیں دیوآنند کی پہلی فلم ثابت ہوئی اور بھارتی فلم انڈسٹری کو ایک نیا اسٹار مل گیا۔1947میں دیوآنند نے دو فلموں موہن اور آگے بڑھو میں کامیاب اداکاری کی۔ دیو آنند کی پہلی سپر ہٹ فلم 1948میں بننے والی فلم ضدی تھی جس میں ان کے مد مقابل اس وقت کی معروف اداکارہ کامنی کوشل تھیں۔ 1948میں ہی دیوآنند کو خوبرو اداکارہ اور گلوکارہ ثریا جمال شیخ کے ساتھ فلم ودیا میں کام کرنے کا موقعہ ملا۔ فلم کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران دیوآنند کا ثریا کے ساتھ معاشقہ شروع ہو گیا جس کے بعد دونوں نے سات فلموں میں مل کر کام کیا۔ ان کی فلمی جوڑی نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ دیوآنند نے ثریا کے گھر آنا جانا شروع کر دیا جسے ثریا کے گھر والوں نے پسند نہیں کیا۔ 1950میں فلم افسر کی شوٹنگ کے دوران دیوآنند نے ثریا کے گھر والوں کو شادی کا پیغام بھیجا لیکن ثریا کے گھر والوں نے یہ کہہ کر شادی سے انکار کر دیا کہ ان کاخاندان مسلمان ہے اس لئے ایک ہندو کے ساتھ اپنی بیٹی کی شادی نہیں کر سکتے۔1951میں بننے والی فلم دو ستارے دونوں کی اکٹھی آخری فلم ثابت ہوئی جب کہ ثریا نے مرتے دم تک شادی نہیں کی۔ دیوآنند نے 1954میں فلمی اداکارہ کلپنا کارتک سے شادی کر لی۔1949میں دیوآنند نے اپنی فلم کمپنی نوکیتن قائم کی جس کے تحت انہوں نے 35کامیاب فلموں کی تخلیق کی۔ 65سالہ طویل فلمی سفر میں دیو آنند نے 114 فلموں میں کام کیا۔ ان کی مقبول فلموں میں شاعر، نرالا، کھیل، اسٹیج، بازی، سزا، صنم، نادان، آرام، راہی، تماشہ، پتیتہ، ٹیکسی ڈرائیور وغیرہ شامل ہیں۔ان کی آخری فلم چارج شیٹ 2011میں ریلیز ہوئی۔ دیوآنند 3دسمبر 2011 کو لندن میں چل بسے۔

Leave a reply