لاہور پریس کلب کے ملازمین اور ممبران کو ملی بڑی خوشخبری

0
61

لاہور پریس کلب کے ملازمین اور ممبران کو ملی بڑی خوشخبری

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس صدر ارشد انصاری کی زیر صدات منعقد ہوا جس میں سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو، نائب صدر ناصرہ عتیق، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز، ممبرز گورننگ باڈی عمران شیخ، محمداحمد رضا، شاہد چوہدری، رانا طاہر، محمد حسنین چوہدری، گل نواز احمد، قاسم رضااور فاطمہ مختار نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک و نعت رسول مقبول ﷺسے کیا گیا۔ اجلاس میں درج ذیل فیصلے کئے گئے،

لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے حکومت کی طرف سے 85 لاکھ روپے کی حالیہ گرانٹس کے 2 چیک ملنے کے بعد ملازمین کی تمام تنخواہیں اورگزشتہ برس کی گورننگ باڈی کی طرف سے 4 ماہ کی تنخواہوں کی نادہندگی کی ادائیگیاں شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت اگلے ہفتے ملازمین کو یکمشت ساڑھے 4 ماہ کی تنخواہ ادا کردی جائے گی جبکہ تمام ممبران اور ملازمین کی گزشتہ سال سے معطل ہونیوالی گروپ انشورنس فوری بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

کلب کے صدر ارشد انصاری کی صدارت میں آج (4 دسمبر) کو ہونیوالے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گزشتہ سال کی گورننگ باڈی کی جانب سے دودھ فروش اور ادھار لئے گئے 7 لاکھ روپے اور بجلی بلوں سمیت مختلف نادہندگیوں کی ادائیگیوں کی ذمے داری بھی پریس کلب کی ساکھ کے پیش نظر قبول کر لی جائے۔اس فیصلے کے تحت صدر ارشد انصاری نے سابق عہدیداروں کو تنخواہ کی ادائیگی کی مد میں ادھار لئے گئے 7 لاکھ روپے میں سے 50 فیصد ادا کرنے کی منظوری دیدی تاہم سابق گورننگ باڈی کی طرف سے زیر التوائ چھوڑے گئے بلوں کی چھان بین بھی کی جائے گی۔

گورننگ باڈی نے گزشتہ سال کی نادہندگی میں سے دودہ فروش کو بھی ایک لاکھ روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں کلب لابی اور دیگر حصوں کی تزئین و آرائیش کے علاوہ لابی اور فرسٹ فلور کے واش رومز کی حالت بہتر بنانے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔کلب میں صحت مند سرگرمیوں کی فروغ کے لئے بیڈ مینٹن ٹورنامنٹ کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی جبکہ جاری سنوکر ٹورنامنٹ کے تمام شرکاءکو اعزازی شیلڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صحافی کالونی فیز۔ٹو کے لئے سال رواں کے دوران کی گئی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں فیز۔ٹو کی زمین ایکوائر کرنے کے لئے سیکشن 4 کے تحت نوٹیفیکشن جاری ہونے کی منزل قریب تر آگئی ہے جبکہ بی بلاک کے کیس کے فیصلے کے لئے چیف سیٹلمنٹ کمشنر کی عدالت کے لئے جج کے فوری تقرری کی حکومتی یقین دہانی کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔

صدر ارشد انصاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار شیڈول طے کرکے ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اگلے چند روز میں کردیں گے۔اجلاس میں سیکروٹنی لسٹ میں شامل افراد کی طرف سے کلب آفس میں جمع کرائے گئے جوابات کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے بارے میں حتمی فیصلہ گورننگ باڈی کے آئند اجلاس میں کردیا جائے گا

Leave a reply