سی ٹی ڈی کی بڑی کاروائیاں، کوئٹہ میں دو دہشت گرد ہلاک، پنجاب سے 3 دہشت گرد گرفتار

0
95

سی ٹی ڈی کی بڑی کاروائیاں، کوئٹہ میں دو دہشت گرد ہلاک، پنجاب سے 3 دہشت گرد گرفتار

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں حالیہ بم دھماکوں میں مبینہ طور ملوث 2 دہشتگرد سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گردوں کے قبضہ سے ملنے والی موٹر سائیکل میں نصب بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر نواں کلی بائی پاس پر سرہ غڑگئی کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تو دہشتگردوں نے جدید اسلحہ سے اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس پر جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد ہلاک کر ہو گئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضہ سے ایک موٹر سائیکل برآمد کرکے اس میں نصب 6 سے 7 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت کفایت اور حکمت کے نام سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دونوں دہشت گرد گزشتہ برس ڈبل روڈ آر آر جی کی گاڑی کو نشانہ بنانے، میکانگی روڈ سیکورٹی فورسز کی گاڑی اور اسحاق آباد مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں بھی ملوث تھے.

ایک اور واقعہ میں سی ٹی ڈی نے پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد بہاولنگر میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ان کے قبضے سے بارود اور ڈیٹونیٹرز بھی برآمد کئے گئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پرکارروائی ہارون آباد بائی پاس کے قریب کی گئی۔گرفتار دہشتگردوں میں عمران، عابد سہیل اور محمد رضا شامل ہیں۔گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ دہشتگردوں سے ڈیڑھ کلو بارودی مواد اور 7 ڈیٹونیٹرزبرآمدکرلیے گئے.

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے بہاولنگر میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں تین خطرناک دہشت گردوں کی گرفتاری پر سی ٹی ڈی کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں دہشت گرد اورشدت پسند عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں تاکہ کالعدم تنظیمیں اور تخریب کاروںکے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔

Leave a reply