رواں برس کتنے امریکی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے؟ اہم خبر
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ رواں سال اعلی سطح کے 15 امریکی تجارتی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے، ان دوروں سے تجارتی حجم میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق کونسل کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات معروف برآمد کنندگان کے 10رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے انوار الحق اور طارق انوار کی مشترکہ قیادت میں افتخار علی ملک سے ملاقات کی۔
افتخارعلی ملک نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعہ دوطرفہ تعلقات کے پوٹینشل سے بھر پور استفادہ کا خواہاں ہے اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی ان مقاصد کے حصول کیلئے امریکی تجارتی وفود کا خیرمقدم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے امریکی سرمایہ کاروں کو بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ یہاں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ معروف بین الاقوامی فرمیں اور یورپی و ایشیائی سرمایہ کار یہاں بڑی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
افتخارعلی ملک نے مزید کہا کہ زراعت ، معیشت، مالیات ، توانائی ، مارکیٹ رسائی اور سائنس و ٹیکنالوجی پر ورکنگ گروپس کی سطح پر دوطرفہ مذاکرے کی اشد ضرورت ہے۔ سی پیک سے بھی مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے اور خصوصی اقتصادی زونز میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ امریکی سرمایہ کارانتہائی مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور پاکستانی بزنس کمیونٹی ان کے ساتھ پائیدار کاروباری شراکت داری کے فروغ کے لئے ان مواقع سے فائدہ اٹھائے۔
افتخارعلی ملک نے مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں کو سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز خاص طور پر فیڈمک کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا دورہ کرانے کیلئے منصوبہ بندی کریں۔ امریکی توانائی کمپنیوں کیلئے پاکستان میں بہت زیادہ کاروباری مواقع موجود ہیں اور امریکی کمپنیاں ملک بھر میں توانائی کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہیں۔ پاکستانی دوا ساز کمپنیاں زیادہ تر خام مال کی درآمد کرتی ہیں اس لئے امریکی سرمایہ کار علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فارماسوٹیکل خام مال کے پلانٹس میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ اس کاروبار کی پاکستان میں بے حد گنجائش موجود ہے۔
افتخارعلی ملک نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے اندر تمام صنعتوں کو 10 سال کی مدت کے لئے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہو گا اور پلانٹس ، مشینری ، خام مال اور دیگر سازوسامان درآمدی فری درآمد کیے جاسکیں گے۔ پاک امریکہ بزنس کونسل اس ضمن میں حکمت عملی کی تیاری اور دونوں ممالک کے اہم اداروں اور تنظیموں کے مابین تعاون کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
پاکستان محفوظ ملک، برطانیہ نے سفری ایڈوائزری کی تبدیل، وزیراعظم سمیت دیگر کا خیر مقدم
انوار الحق اور طارق انوار نے کہا کہ مقامی برآمد کنندگان امریکی تجارتی وفود کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے دوروں کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاک امریکہ بزنس کونسل کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیوں کے پیش نظر پاکستان کو امریکی منڈیوں تک آزادانہ رسائی دی جانی چاہیے۔
کپتان کی پالیسیاں دنیا ماننے پر مجبور،برطانیہ کے بعد امریکہ نے بھی بدلی ٹریول ایڈوائزری