شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، کرونا وائرس کیخلاف ملکر لڑنے کا عزم
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ جوادظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے
شاہ محمود قریشی نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ گفتگو میں ایران میں خطرناک کرونا وائرس سے ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی جانب سے دکھ کا اظہارکیا ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے کرونا وائرس کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کو اجاگر کرنے پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا.
واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے 92 ہلاکتیں ہو چکی ہیں،ایران میں متاثرین کی تعداد میں اضافے کے بعد خطے میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 140 تک پہنچ گئی ہے جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں اب تک سامنے آنے والے کیسز میں اکثر ایران کا دورہ کرنے والے افراد شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ایران میں دو ہفتے قبل کوروناوائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر ملک بھر میں اسکولوں اور جامعات سمیت اہم ثقافتی مراکز اور کھیلوں کے مقابلے بھی معطل کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں وائرس کے شکار 5 مریضوں کا کراچی اور اسلام آباد میں علاج جاری ہے,کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے ملک بھر میں اقدامات جاری ہیں، ائیرپورٹس پر ہیلتھ کاؤنٹرز میں تھرمل سکینرز اور گنز میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ سول ایسوی ایشن کے اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ یومیہ بنیاد پر ایئرپورٹ بلڈنگز میں فیومیگیشن کی جائے گی۔ ہیلتھ کاؤنٹرز پر موجود پیرامیڈیکل سٹاف کی موجودگی بھی مانیٹر ہوگی۔ کراچی کے جناح ٹرمینل ایئر پورٹ پر جراثیم کش، لوشن اور ماسک رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا








