معروف مال سینٹورس کے مالک نے اخبار بند کر دیا، اسلام آباد کے صحافیوں کا بھرپور احتجاج، بڑا مطالبہ کر دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے معروف مال سینٹورس کے مالک سردار تنویر نے اپنا اخبار ایشین نیوز بند کر کے میڈیا ورکرز کو بے روزگار کر دیا
اسلام آباد کے صحافیوں نے اس پر احتجاج کا اعلان کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے اگر اخبار بند کرنا ہے تو یہاں کام کرنے والوں کو ایک سال کی تنخواہ کا چیک دیا جائے، ایک صحافی رہنما کا کہنا تھا کہ میں اس وقت ایشین نیوز کے دفتر میں ہوں ، یک جنبش قلم 66 ورکرز کو نکالنے کا آرڈر جاری کیا ہے، سردار تنویر الیاس کی سیکورٹی کے لوگ یہاں موجود ہیں اور وہ آفس کو بند کرنا چاہتے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ میڈیا میں یقینا کرائسز ہے ہم جانتے ہیں لیکن ہم گزارش کرتے ہیں کہ اخبار بند نہ کیا جائے، اگر اخبار بند کرنا چاہتے ہیں تو یہاں کام کرنے والے میڈیا ورکرز کو کم از کم ایک سال کی تنخواہ کا چیک دیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم بھر پور احتجاج کریں گے اور ہر اقدام اٹھائیں گے
دوسری جانب ایشین نیوز کی بندش کے خلاف اسلام آباد کے صحافیوں کا احتجاج جاری ہے، ایشین نیوز کے میڈیا ورکرز کے ساتھ صحافیوں نے کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے، پہلے ہی میڈیا میں بحران ہے، صحافی خودکشیاں کر رہے ہیں،ایسے میں اخبار کی بندش سے بڑی تعداد میں میڈیا ورکرز بے روزگار ہیں
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر بہزاد سلیمی ، سیکرٹری جنرل ایم بی سومرو اور پوری گورننگ باڈی نے روزنامہ ایشین نیوز کی اچانک بندش اور 66 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو یک جنبش قلم بے روزگار کیے جانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور روزنامہ ایشین نیوز کے چیف ایڈیٹر سردار تنویر الیاس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا یہ اقدام فورئ طور پر واپس لیں بصورت دیگر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن اس غیر قانونی غیر اخلاقی اور غیر انسانی اقدام کے خلاف سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں ہی نہیں قائمہ کمیٹیوں سمیت پارلیمنٹ کے تمام ممکنہ فورمز پر بھرپور آواز اٹھائے گی اور ہر سطح پر بیروزگار ہونے والے کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہوگی
اس حوالہ سے ایشین نیوز کے ایڈیٹر عبدالودود قریشی سے موقف لینے کے لئے باغی ٹی وی نے رابطہ کیا لیکن بات نہ ہو سکی.