تحریک انصاف کے سابق رہنما ن لیگ میں شامل، شاہد خاقان عباسی نے بڑی وکٹ گرا لی

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب میں تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرا لی، سابق رکن قومی اسمبلی، تحریک انصاف کے سابق رہنما سردار منصور حیات ٹمن مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے

ضلع چکوال کے حلقہ این اے 65 سے سابق رکن قومی اسمبلی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر اسلام آباد میں تقریب ہوئی جس میں احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، صدیق الفاروق سمیت دیگر پارٹی رہنما موجود تھے.

سردارمنصور حیات ٹمن نے پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو بھائی سمجھتا ہوں، پہلے دوست تھے پھر بھائی بنے اور اب لیڈر بھی ہیں۔ شہباز شریف صاحب سے ملاقات ہوچکی تھی،آج سے مسلم لیگ ن کا ایک کارکن بن کر کام کروں گا۔

لیگی رہنما ؤں احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار منصور ٹمن کو اپنے گھر میں واپس آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں،قوم دیگر تمام جماعتوں کو جان چکی ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک کو غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے،ان حالات کا سامنا بھی غیرمعمولی لوگ ہی کرسکتے ہیں،ترقی پذیر ملک کے حالات آج کہاں پہنچا دئیے گئے ہیں،آج ثابت ہوگیا کہ سیاست کمزور ہوگی تو معیشت بھی کمزور ہوگی۔ نواز شریف نے مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا اور ملک کو ترقی دی،تمام ملک قرضے لے کرہی ترقی کرتے ہیں،اگر یہ حکومت رہتی ہے تو یہ جتناقرضہ پاکستان نے ستر سال میں لیا وہ اس دورمیں دوگنا ہوجائے گا۔ ہ جب ریاست خود سیاسی لیڈروں پر خود ہیروئن ڈالنا شروع کردے تو سوچیں کس طرح کی سوچ بنائی جارہی ہے،آج نام نہاد جمہوریت میں ایک وزیراعظم حکم دیتا ہے ایک رکن اسمبلی اور پارٹی کے صوبائی صدر پر ہیروئن ڈالو تاکہ لوگ ڈریں،چیلنج کرتے ہیں ٹی وی کیمرے لگاکر عوام کو دکھائیں کہ نواز شریف حکومت نے کون سی کرپشن کی ہے

ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سردارمنصورحیات ٹمن نے مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا،پاکستان میں مخصوص ایجنڈے کے تحت پراپیگنڈہ کیا گیا،یہ پراپیگنڈہ کینٹینر سے شروع کیا اور الیکشن تک چلایا گیا،جھوٹ بولا گیا اور بدزبانی کا کلچر پھیلایا گیاحکمران جماعت کی جانب سے کہا گیا ہماری حکومت آئے گا اور سو دنوں میں ملک ٹھیک کردے گی،ایک صاحب کہتے تھے، عمران خان آئے گی اور سب کی فائلیں منگوائے گی اور پھر ملک کا قرضہ اتارے گی،پھر انہوں نے حکومت میں آکر کمیشن بنایا کہ پتہ کیا جائے قرضہ کہاں گیا لیکن اس کمیشن کی ابھی تک رپورٹ نہیں آئی.

واضح رہے کہ منصور حیات ٹمن سابق رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں، وہ ماضی میں بھی مسلم لیگ ن میں تھے لیکن بعد ازاں وہ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے، 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف نے حلقہ این اے 65 میں چوھدری پرویز الہیٰ کی حمایت کی تو منصور حیات ٹمن نے جیپ کے نشان پر الیکشن لڑا اور ہار گئے.

Shares: