سعودی عرب میں‌ کرونا کے مریضوں میں اضافے کے بعد کرفیو نافذ

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب میں بھی 21 روز کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے

سعودی فرماںروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو قابو کرنے، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت اور سلامتی کی خاطر پیر 23 مارچ کی شام سے تین ہفتوں کے لیے سعودی عرب بھر میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

عرب نیوز اورسعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ کرفیو روز انہ شام7 سے صبح 6 بجے تک اکیس دن جاری رہے گا.

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 119 مزید کیس سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 511 ہو گئی ہے، کرفیو کے اوقات میں شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے. سیکیورٹی اہلکار ، فوجی، میڈیا سیکٹر کے ملازمین ، صحت اور خدمات کے اہم شعبوں کے کارکنان کو بھی استثنیٰ حاصل ہے۔

دوسری جانب سعودی پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاری کی جانے والی ہدایات اور فیصلو ں کی خلاف ورزی سنگین جرم ہے۔اس پر احتساب ہوگا۔ سعودی میڈیا کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے انتظامات کرنے والے ادارے جو فیصلے جاری کررہے ہیں اور احتیاطی تدابیر کے طور پر ہدایات دے رہے ہیں ان سب کی پابندی تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر لازم ہے۔اس حوالہ سے جو بھی فیصلے کیے جا رہے ہیں ان پر سعودی و غیر سعودی سب پر عمل کرنا لازم ہے

Shares: