کرونا وائرس سے کیسے نمٹنا ہے؟ شاہ سلمان کی زیر صدارت ہو گا جی 20 ممالک کا آن لائن اجلاس

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب نے جی 20 ممالک کا اجلاس بلا لیا، اجلاس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں گے.

سعودی عرب کی حکومت کا کہنا ہے کہ جی 20 ممالک کا اجلاس کل 26 مارچ کو ہو گا،کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے جی 20 اجلاس میں جائزہ لیا جائے اور حکمت عملی اپنائی جائے گی،جی 20 ارکان کرونا کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جی 20 ارکان کو عالمی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

جی 20 اجلاس آن لائن ہو گا جس میں تمام رکن ممالک شرکت کریں گے،اجلاس میں رکن ممالک کے علاوہ اقوام متحدہ، عالمی ادارہ صحت، عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے‘۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے ایک ہلاکت ہو چکی ہے،سعودی عرب میں مزید 205 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 767 ہوگئی ہے

واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو باربار ہدایات کی جاری ہیں کہ سماجی رابطوں کو وقتی طور پر ختم کردیں۔ طبی اصولوں کے مطابق ہاتھوں کو جراثیم کش محلول یا صابن سے صاف کرتے رہیں۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے بھی جزوی کرفیو لگا دیا ہے جو شام 7سے صبح 6 بجے تک ہو گا اس دوران بعض اہم شعبے پابندی سے مستثنی ہونگے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں کرفیو کی خلاف ورزی پر 10 ہزار ریال کا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے-دوسری بار خلاف کرنے پر 20 ہزار اور تیسری مرتبہ 20 دن جیل ہوگی۔ کرفیو کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور سزا صرف اس صورت میں نہیں ہو گی جب کوئی شدید ایمر جنسی میں ہو گا، ہسپتال جا رہا ہو گا یا ایمرجنسی نوعیت کا کام ہو گا.

سعودی عرب کو گزشتہ برس ہونے والے اجلاس میں سال 2020 کے لیے جی20 کی سربراہی ملی تھی،جاپان میں منعقد گروپ 20 کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اس کا اعلان کیا گیا تھا.

Shares: