ن لیگی قیادت کسی بھی موقع پر چالاکی اور عیاری کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ فیاض الحسن چوہان

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ن لیگی قیادت کسی بھی موقع پر چالاکی اور عیاری کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب نے آج پھر صحافی برادری کے لیے ن لیگ کی خدمات کا راگ الاپا ہے۔ حیرت ہے کہ صابن کی ایک ٹکیا، ایک ماسک اور ایک ہینڈ سینیٹائزر کو محترمہ خدمت کا نام دے رہی ہیں۔ کیا ہی اچھا ہوتا اگر مریم اورنگزیب کے موجودہ آقا اپنی شکلوں پر مشتمل اشتہارات کے بقایا جات بھی ادا کرتے جاتے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ میڈیا انڈسٹری کے اربوں کے بقایا جات وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات پر موجودہ حکومت نے ادا کیے۔ یہ وزیرِ اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی میڈیا اور صحافی دوستی کا ثبوت تھا۔ شہباز شریف لندن سے کرونا کے خلاف جنگ لڑنے کی بڑھکیں مار کر پاکستان آۓ تھے۔ وہ کرونا سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ ابھی کسی بھی شہر میں دورے پر نہیں گئے۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کی سرپرستی میں ملک میں ایک بھی ہسپتال، قرنطینہ مرکز، خصوصی حفاظتی انتظامات نظر نہیں آتے۔ شہباز شریف صرف لیپ ٹاپ چلانے اور ویڈیوز بھیجنے کا ڈرامہ کرنے میں مصروف ہیں۔ نیب کے بلانے پر بھی شہباز شریف کرونا کا بہانہ کر کے پتلی گلی سے بھاگ رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب اپنی قیادت کو عملی سیاست میں آنے کی تلقین کریں۔ ملک سے لوٹے اربوں ڈالرز میں سے دو چار ارب کرونا ریلیف فنڈ میں بھی جمع کروا دیں۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کی قیادت کی گزشتہ دس سال پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں تھا۔ اس قیادت سے کہیں گراس روٹ لیول پر جا کر کرونا کے خلاف اپنا وقت اور پیسہ عوام پر لگائیں۔ مریم اورنگزیب اپنے قائد شہباز شریف کو خیبر سے کراچی تک ملک میں بھرپور مہم چلانے کی ترغیب دیں۔ شہباز شریف سب سے بڑی پارٹی کے اپوزیشن لیڈر ہیں، حوصلہ کریں، بزدل نہ بنیں۔

Shares: