کرونا لاک ڈاؤن ،پھر بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن کی درخواست پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا اس ضمن میں سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے
پنجاب اسمبلی کا اجلاس 8مئی بروز جمعتہ المبارک دوپہر 2 بجے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے ،اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، امن و امان کی صورتحال اور صوبے میں گندم کی خریداری ہے
گزشتہ روزسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت آل پارٹیز خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ویڈیو لنک پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے علاوہ ارکان اسمبلی سردار اویس لغاری، ملک ندیم کامران، سمیع اللہ خان، احمد علی اولکھ، ساجد احمد خان بھٹی، محمد معاویہ، خواجہ سلمان رفیق، امین ذوالقرنین، نذیر چوہان، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ لک شریک ہوئے ۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا قرنطینہ سنٹر میں مقیم مریضوں نے کبھی جلوس نہیں نکالا، لاہور ایکسپو سنٹر میں موجود مریض بطور احتجاج قرنطینہ سے باہر آ گئے جو کہ محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے ، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں پرعمل کریں، اگر خدانخواستہ کسی کو بھی یہ وائرس لگ گیا تو دوسرے ارکان بھی اس سے متاثر ہو سکتے ہیں ،لہٰذا ہاؤس کی سرپرستی کی ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے میرا یہ فرض ہے کہ تمام ارکان کی صحت کا خیال رکھوں،