خطے میں کشیدگی بڑھانے کے لئے بھارتی حکومت نے ایک اور نئی چال چلی ہے۔ بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے سرکاری ٹی وی دوردرشن اورآل انڈیا ریڈیو کے لئے احکامات جاری کئے ہیں کہ آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد اور میرپور کے علاوہ گلگت بلتستان بھارت کا حصہ ہیں اس لئے بھارت کے دیگر شہروں کی طرح ان شہروں کے موسم کا حال روزانہ کی بنیاد پر پیش کریں جب کہ پاکستان نے بھارت کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستانی شہروں کے موسم کا حال بتانے کے حوالے سے سرکاری اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت گزشتہ روز سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 25 منٹ اور پھر رات کو بھی 8 بج کر 25 منٹ پر پاکستانی شہروں کے موسم کا حال بتایاگیا۔بھارتی وزارت اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام پرائیویٹ نیوز چینل کے لئے بھی نیا قانون لایا جارہا ہے کہ وہ بھی مظفرآباد، میرپوراورگلگت بلتستان کے موسم کا حال نشر کریں۔دریں اثنا پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے بھارت کے اس گھناؤنے فعل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ سال اپنے ملک کا نقشہ تبدیل کرتے ہوئے اس میں پاکستانی علاقوں کو شامل کر لیا تھا جونہ صرف حقیقت کے برخلاف تھابلکہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے بھی منافی تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا کوئی بھی غیر قانونی اقدام جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔بھارت کی اس گھناونی چال کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ بھارتی عوام اور دنیا بھر میں یہ تاثرپیدا کر سکے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھارتی علاقے ہیں تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی اس مذموم اور گمراہ کن حرکت سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا جس کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔

- Home
- پاکستان
- اسلام آباد
- خطے میں کشیدگی بڑھانے کی بھارتی حکومت کی گمراہ کن چال اور پاکستان کا سخت احتجاج
خطے میں کشیدگی بڑھانے کی بھارتی حکومت کی گمراہ کن چال اور پاکستان کا سخت احتجاج

Khalid Mehmood Khalid5 سال قبل