میجر ندیم عباس بھٹی کی نماز جنازہ ادا،فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر ندیم عباس بھٹی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ حافظ آباد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

شہید میجر ندیم عباس بھٹی کی نماز جنازہ آبائی علاقے برج دارہ میں ادا کی گئی، جس میں فوجی افسران، سیاسی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کے بعد شہید میجر ندیم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے دستے نے قبر پر سلامی دی۔ شہید نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے، وہ سابق ایم پی اے نذر عباس بھٹی کے بیٹے اور سابق ضلع ناظم مبشر عباس بھٹی کے بھائی تھے۔

واضح رہے کہ میجر ندیم عباس گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع کیچ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں اپنے 5 ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے.

شہید میجر ندیم عباس بھٹی نے بیوہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے. شہید میجر ندیم بھٹی 2 نومبر 1984ء کو پیدا ہوئے، انہوں نے 14 اپریل 2007 کو پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا اور وہ 126 ونگ مکران میں تعینات تھے

Shares: