میو ہسپتال میں کرونا سے ایک اور موت، کل کتنی ہوئیں میو میں اموات؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے میوہسپتال میں کورونا کا ایک اور کنفرم مریض جان کی بازی ہار گیا
ایک اور ہلاکت کے بعد میوہسپتال میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد52 ہو گئی ہے.میو ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق میوہسپتال میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد52 ہو گئی ،میوہسپتال میں کورونا کے 11 نئے مریض بھی داخل ہوئے ہیں.
دوسری جانب لاہور میں مزید 291 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے جس کے بعد لاہور میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار 375 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد کے سبب حکومت پنجاب نے ہوم آئیسولیشن کیلئے قواعد و ضوابط جاری کر دئیے ہیں، اس مقصد کیلئے خصوصی کمیٹی بنے گی جو گھر کے کمروں اور اہلخانہ کی تعداد کی جانچ کے بعد اجازت دے گی۔ کورونا کی ہلکی علامات والا مریض ہوم آئیسولیشن کا اہل ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 30 ہزار 941 ہو گئی ہے جبکہ ایک دن میں 28 افراد جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 667 ہوگئی۔
کرونا وائرس کے حوالہ سے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1476 نئے مریض سامنے آئے، پنجاب میں 11 ہزار 568، سندھ میں 11 ہزار 480، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 669، بلوچستان میں 2 ہزار 17، گلگت بلتستان میں 442، اسلام آباد میں 679 جبکہ آزاد کشمیر میں 86 مریض ہیں
پاکستان میں کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 667 ہوگئی۔ سندھ میں 189، پنجاب میں 197، خیبر پختونخوا میں 245، گلگت بلتستان میں 4، بلوچستان میں 26 اور اسلام آباد میں 6 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔








