بھارت میں کو رونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن کے دوران امیتابھ بچن اور آیوشمان کھرانہ کی نئی فلم ‘گلابو ستابو’ سنیما گھروں کے بجائے اب آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم کے ساتھ ساتھ کچھ اور فلمیں ہیں، جو اب انہیں پلیٹ فارمز پر ریلیز ہونے والی ہیں۔ ایسے میں سنیما گھروں کے سامنے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نے نیامسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔ کو رونا وائرس کے پیش نظر پورے بھارت میں 25 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذکیا گیا تھا اور اب اس میں مسلسل چوتھی باراضافہ کرتے ہوئے اسے31 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے.لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے ہفتہ دس دن پہلے ہی وائرس سے تحفظ کی کوششوں کے
تحت لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکنے کے لیے مختلف ریاستوں میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا تھا۔ ساتھ ہی احتیاط کے تحت مختلف ریاستوں میں سنیما گھراورملٹی پلیکس بھی بند کردیےگئے تھے۔ اس طرح سنیما گھر اور ملٹی پلیکس کو بند ہوئے تقریباً تین مہینے سے کچھ زیادہ وقت گزر چکا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوسرے کاروبار کی طرح دنیا کی دوسری بڑی فلم انڈسٹری بھی بری طرح متاثر ہے۔اسی دوران انڈسٹری سے ایک خبر آئی کہ امیتابھ بچن اور آیوشمان کھرانہ کی ایکٹنگ سے سجی اور شوجیت سرکار کی ہدایت میں بنی فلم ‘گلابو ستابو’ سنیما گھروں کےبجائے اب آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم امیزان پرائم پر ریلیز ہو رہی ہے۔اس خبر نے ایک بار پھریہ سوال اٹھا دیا ہے کہ ملٹی پلیکس کی وجہ سے جس طرح سنگل اسکرین سنیما گھر لگ بھگ ختم ہو گئے، کیا نیٹ فلیکس، امیزان پرائم، ڈزنی ہاٹ اسٹار جیسے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم آنے کی وجہ سے کچھ ویسا ہی مستقبل اس کا ہونے والا ہے؟ گزشتہ چار مئی کو ہی دی ملٹی پلیکس ایسوسی ایشن آف انڈیا(ایم اے آئی)نے اسٹوڈیو پارٹنر، پروڈیوسر، اداکاروں اور فلم انڈسٹری میں اپنی خدمات دینے والے دوسرے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنی فلموں کی ریلیزکو روک کر رکھیں اور ایک بار جب سنیما گھر کھل جائیں تو وہیں ریلیز کریں۔ تنظیم کی یہ اپیل ان قیاس آرائیوں کے بعد آئی تھی، جس میں کہا جا رہا تھا کہ اکشے کمار کی فلم ‘لکشمی بامب’ سمیت کچھ فلموں کو سیدھے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ گلابو ستابو کے ڈیجیٹل ریلیز کے اعلان پربھارت کے سب سے بڑے آئی ناکس اور پی وی آر جیسے ملٹی پلیکس چین نے بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔آئی ناکس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سنیما اوراس کو بنانے والے ہمیشہ باہمی منافع کی خاطر کام کرتے ہیں. ایک بیان میں آئی ناکس نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شیئر ہولڈرز میں سے ایک کے ذریعے اس طرح کا قدم اٹھانا پریشان کن ہے۔بالخصوص اس وقت جب ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ پی وی آر پکچرز کے سی ای او کمل گیان چندانی نے کہا ہے ہماری اپیل کے بعد بھی فلم کے پروڈیوسرزکی طرف سے فلم گلابو ستابو کو ڈیجیٹل ریلیز کئے جانے کے فیصلے سے ہمیں بے حد مایوسی ہوئی ہے۔
یہ پہلی بارنہیں ہے کہ کوئی فلم براہ راست امیزان یا نیٹ فلکس پر ریلیز ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے رشی کپور کی فلم ‘راجما چاول’ اور ‘مرد کو درد نہیں ہوتا’ جیسی لو بجٹ فلمیں سیدھے آن لائن پلیٹ فارم پر ریلیز ہوئی ہیں۔گلابو ستابو بڑی فلم ہے۔ کہا جارہا تھا کہ لاک ڈاؤن کے بعد اس فلم کی ریلیز سے سنیما گھروں کو نئی جان مل سکتی تھی۔ انڈین ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے فلم ایکزبٹر اکشے راٹھی نے کہا کہ گلابو ستابو کی اسٹار کاسٹ بڑے پردے پر جادو جگا دیتی۔ وہ کہتے ہیں، ‘فلم میں امیتابھ بچن اورآیوشمان کھرانہ ایک ساتھ آ رہے ہیں۔ یہ فلم باکس آفس پر 100 کروڑ روپے کی حد پار کر لیتی۔ راٹھی نے کہا یہ صحیح ہے کہ کوئی بھی فلم اس کے پروڈیوسر کے بیٹے کی طرح ہوتی ہے اور اس کو اختیار ہوتا ہے کہ وہ اس کو جہاں مرضی ریلیز کر دے، لیکن یہ ایک مثال ہے، جس کا بڑے پردے پر سنیما دکھانے کی روایت منفی اثرمرتب ہوگا۔ واضح رہے کہ اچانک لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں عرفان خان کی آخری فلم ‘انگریزی میڈیم’ اور ‘باغی 3’ کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا تھا، جس کے بعد انہیں فوراً آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کر دیا گیا۔اس لیگ میں ‘گلابو ستابو’ اکیلی فلم نہیں ہے۔ ودیا بالن کی فلم ‘شکنتلا دیوی: ہیومن کمپیوٹر’، ساؤتھ انڈین اداکارہ جیوتیکا کی فلم ‘پونمگل وندھل’، تمل فلم ‘پینگئن’، کنڑ فلم ‘آل’ اور ‘فرینچ بریانی’، ملیالم فلم ‘سوفیم سجاتیم’ بھی امیزان پرائم پر ریلیز ہونے والی ہیں۔

سنیما گھروں کے لئے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، ایک نیامسئلہ
Shares: