پنجاب کے ضلع چکوال میں ضلع کچہری میں فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چکوال کی ضلع کچہری میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے، مسلح ملزمان چارمنٹ تک آتشیں اسلحہ استعمال کرتے رہے، ضلع کچہری آنے والے افراد نے لیٹ کر اپنی جانیں بچائیں.
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو 1122 حکام بھی موقع پر پہنچے اور لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، ڈی پی او چکوال عادل میمن بھی موقع پر پہنچے اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا، ملزمان فائرنگ کے بعد قریبی علاقہ چکوڑہ کی طرف بھاگ گئے جنہیں بعد ازاں پولیس نے گرفتار کر لیا.
پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے.
ریسکیو 1122 چکوال کے ترجمان خرم منظور کے مطابق واقعہ میں پچیس سالہ اقصیٰ ولد علی اصغر سکنہ تھنیل کمال جاں بحق ہو گئی جبکہ تیس سالہ تبسم ولد اصغر سکنہ چکوال، چالیس سالہ خواجہ محمود ولد قمر سکنہ منڈے، 71 سالہ امیر خان ولد محمد خان زخمی ہوئے ہیں، جن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا .








