سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کا سینیٹر رحمان ملک کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا جس میں مودی کی طرف سے کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی۔ اجلاس میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ وہ کشمیری شہداء کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مودی کی مسلم دشمن غیر قانونی اور غیرانسانی اقدامات کے خلاف قرارداد پیش کی۔ جس کا متن یہ ہے:-
سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ بھارتی وزیراعظم مودی کی مسلم دشمن غیر قانونی اور غیرانسانی اقدامات شدید مذمت کرتی ہے،
سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ بھارتی وزیراعظم مودی کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی اقدامات کی مذمت کرتی ہے،
بھارتی وزیراعظم نے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی مسلم آبادی کو کم کرنے کے لئے کیا،
سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ حکومت پاکستان سے بھارتی اقدامات کیخلاف اقوام متحدہ میں جانے کا مطالبہ کرتی ہے،
مودی کھلم کھلا اقوام متحدہ اور بین القوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے،
حق خودارادیت اقوام متحدہ کے قراردادوں اور قوانین کے تحت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔








