وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کےمختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی کی لاہور میں ملاقات۔ ممبران میں ملک محمد عامر ڈوگر، زوالفقار علی خان، سید فیض الحسن، حاجی امتیاز احمد چوہدری، ملک عمر اسلم خان، مہر غلام محمد لالی، ریاض فتیانہ، ملک کرامت علی
کھوکھر، رائے محمد مرتضی اقبال، احمد حسین ڈیہڑ، میاں محمد شفیق،طاہر اقبال، نیاز احمد جکھڑ اور سردار محمد خان لغاری شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی شریک تھے۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات، عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل، اور فلاحی و ترقیاتی امور کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے مسائل کے فوری حل اور فلاحی، سماجی اور معاشی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ممبران اس ضمن میں عوام الناس سے مستقل رابطے میں رہیں اور کسی بھی مسئلے کے حل کے حوالے سے درپیش انتظامی مشکل کی صورت مجھے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہور میں آپ سے ملاقات کا مقصد صوبائ حکومت سے موثر رابطے اور کوارڈینیشن میں مزید بہتر ی لانا ہے تاکہ صوبائ حکومت ممبران کو ان کے متعلقہ حلقوں میں عوام الناس کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے ممکنہ معاونت فراہم کرے۔ وزیراعظم نے بھکر ، خوشاب، مظفر گڑھ اور لیہ کے عوام کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ تھل کینال منصوبے کے آغاز کا فیصلہ ہو چکا ہے ۔ اس منصوبے کا آغاز جلد ہو گا۔ ممبران اسمبلی نے ملک میں کوروناوائرس کی وبا پر قابو پانے کے حوالے سے دانشمندانہ حکمت عملی، ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور خصوصی طور پر تھل کینال منصوبے کے فیصلے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو ممبران کو انتظامی امور میں درپیش مشکلات کے حل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی تاکہ عوام کے مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔

Shares: