وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت

0
84

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقعہ پر چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے وزیراعظم کو منصوبہ پربریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے منصوبے پر عملدرآمد کے دوران ماحولیاتی تحفظ اور واٹر کنزرویشن کے لئے سختی سے عملدرآمد کی خصوصی تاکید کی اور کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب کی معیشت اور لاہور شہر کی رہائشی ضروریات پورا کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا سے پیدا ہونے والی مشکل معاشی صورتحال میں اس منصوبے سے لوگوں کو نوکریاں دینے میں مدد ملے گی۔ خصوصااس پراجیکٹ سے لاہور کے رہائشیوں کے لیے پانی کی کمی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کےحوالے سے ہر رکاوٹ ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انپوں نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں اور واٹر کنزرویشن کا خاص خیال رکھا جائے۔
وزیر اعظم کی چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ منصوبے میں زیادہ سے زیادہ مقامی طور پر تیار کیا جانے والے مٹیرئیل استعمال کیا جائے تاکہ مقامی صنعتوں کو ترقی ملے۔ انپوں نے کہا کہ اس منصوبے سے اسلام آباد کی طرز پر جدید اور ماڈرن سٹی کا قیام عمل میں آئے گا ۔ ٹائم لائنز کے تحت منصوبے کا جلد از جلد آغاز کیا جائے۔
اجلاس میں وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، وائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی شیخ محمد عمران، مشیر وزیر اعلیٰ برائےخزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حامد یعقوب شیخ نے شرکت کی۔

Leave a reply