راجیو گاندھی کا 75 واں یوم پیدائش اور راہول کا خراج عقیدت

0
82

بھارتی اپوزیشن کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے اپنے والد سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر جمعرات کے روز خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک لبرل اور محبت کرنے والے شخص تھے۔ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کا آج 75 واں یوم پیدائش ہے۔ رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے اپنے والد کو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے فوٹو کے ساتھ ٹوئٹ کیا ’’راجیو گاندھی ایک غضب کا نظریہ رکھنے والے اور اپنے وقت سے بہت آگے کے انسان تھے۔ لیکن ان سب سے الگ وہ ایک لبرل اور محبت کرنے والے انسان تھے‘‘۔ انھوں نے مزید لکھا’’میں اپنے باپ کے طور پر انہیں پاکر خود کو بہت خوش قسمت اور فخر محسوس کرتا ہوں۔ ہم انہیں آج اور ہر دن یاد کرتے ہیں‘‘۔
20 اگست 1944 کو پیدا ہونے والےآنجہانی راجیو گاندھی بھارت کے چھٹے اور سب سے کم 40 برس کی عمر میں وزیر اعظم بنے تھے۔ ان کی مدت 1984 سے 1989 تک تھی۔ 1984 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد جب اچانک انہیں وزیر اعظم کی کرسی ملی تو ان کی عمر محض 40 سال تھی۔ پائلٹ کی ٹریننگ لے چکے راجیو گاندھی سیاست میں آنے کے خواہش مند نہیں تھے، لیکن حالات نے انہیں بھارت کا سب سے کم عمر وزیر اعظم بنا دیا۔

Leave a reply