قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس، چئیرمین قائمہ کمیٹی ملک احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں منعقد ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اراکین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے اراکین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کوافغان طالبان کے نمائندہ وفد سے ہونیوالی ملاقات اور تبادلہ ء خیال کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بہت پہلے واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے طاقت کا استعمال بے معنی ہو گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان شروع سے اس موقف کا حامی ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل، افغان سربراہی مذاکرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ آج دنیا بھارت کو، اسکی ہندتوا سوچ کے سبب تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آج کشمیریوں کی جدوجہد کو جبر کے خلاف، سب سے بڑی اندرونی مزاحمت سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
اس موقعہ پراراکین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر احسن انداز میں اجاگر کرنے اور کامیاب خارجہ پالیسی کے ذریعے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کاوشوں کو سراہا۔

آج دنیا بھارت کو، اسکی ہندتوا سوچ کے سبب تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔شاہ محمود قریشی
Shares: