لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش،بجلی غائب،سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش نے جل تھل ایک کر دیا،
نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا،بارش کے بعد بجلی کا نظام بھی بیٹھ گیا۔ پنجاب کے ضلع چکوال میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش سے کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ انڈر پاس پانی سے بھر گئے، گلی محلے بھی پانی میں ڈوب گئے۔ اہم شاہراہوں پر بھی پانی کھڑا ہوگیا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے باعث لیسکو کا ترسیلی نظام بھی بیٹھ گیا، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے۔
لاہور میں پچھلے تقریبا چار گھنٹے سے شدید بارش جاری نشیبی علاقے زیر آب pic.twitter.com/KaZojTef9D
— RegionalTelegraph (@RegnlTelegraph) September 4, 2020
دوسری طرف پنجاب کے مختلف شہروں میں چھتیں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، چکوال کے علاقے لکھوال میں دو مکانات کی چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 20 سالہ کائنات، 17 سالہ مہتاب، 10 سالہ عائزہ اور 14 سالہ دارین جاں بحق ہوگئیں، دو افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
چشتیاں میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے، ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دورا ن وقفے وقفے سے جاری رہے گا
صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے واسا حکام کو بارشی پانی کی جلد از جلد نکاسی کی ہدایات کی ہیں ،اور کہا کہ واسا حکام اپنے سٹاف کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی پر خصوصی توجہ دی جائے گی،لاہور میں ابتک 110 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گی،پانی کی مکمل نکاسی تک واسا سٹاف فیلڈ میں موجود رہے گا
واضح رہے کہ پنجاب میں بارشیں ہو رہی ہیں اور بارشوں کی وجہ سے چھتیں گرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،گزشتہ روز سرگودھا کے علاقے اسلام آباد کالونی میں بارش کے باعث چھت گرنے سے مزدورجاں بحق ،2زخمی ہو گئے تھے،سیالکوٹ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ،دوسری زخمی ہو گئی تھی،کامونکی میں بارش کے باعث گھرکی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ،خاتون زخمی ہو گئی تھی