وزیراعظم عمران خان سے آسٹریلیا کے فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین اینڈریو فورسٹ نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اینڈریو فورسٹ کا خیرمقدم کیا اور انہیں کورونا وبا کے تناظر میں ملک کی اقتصادی بحالی اور موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سمارٹ لاک ڈاﺅنز کے ذریعے کورونا کی وبا کو روکنے کی حکومتی حکمت عملی اور احساس پروگرام کے ذریعے کروڑوں غریب لوگوں کو امداد کی فراہمی کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر اینڈریو فورسٹ نے حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے اختیار کی گئی پالیسی کو سراہا۔
انہوں نے فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کی جانب سے قابل تجدید توانائی اور گرین انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کی سرمایہ کاری سے مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی صنعتوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے فورٹسکیو میٹلز گروپ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان میں کاروباری منصوبے شروع کرنے کے حوالہ سے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ آئرن اور انڈسٹری، قابل تجدید توانائی و وسائل کے شعبوں میں گلوبل لیڈر کی حیثیت رکھتا ہے








