باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے امن کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورپاکستانی امن پسند قوم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اوراس کے عوام امن کی اہمیت اور ضرورت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پاکستانی قوم سے زیادہ کسی اور نے امن کیلئے قربانیاں نہیں دیں – علاقائی اور بین الاقوامی امن کی کوششوں میں پاکستان ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔ پاکستان کا آگ سے امن تک کا سفر شہداء کی قیمتی قربانیوں کا مرہون منت ہے -شہداء امن کے پیامبرہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے –
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دینے کے بعد امن نصیب ہوا ہے – شدت پسند اور انتہا پسند عناصر امن کیلئے مسلسل خطرہ ہیں -بھارت کا انتہا پسند انہ رویہ خطے میں امن کے لئے خطرہ ہے – مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار نے غیر قانونی اقدام کرکے امن کی تمام کوششوں کوسبوتاژ کیا ہے – مقبوضہ کشمیر،فلسطین اوردیگر علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ غربت،ناانصافی، جہالت، محرومی، جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ امن کا براہ راست تعلق ترقی اورخوشحالی سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستان آج پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن ملک ہے۔ ملک میں امن کیلئے اپنا آج قربان کرنیوالے وطن کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ آج کے دن جنگوں کے خاتمے اور امن کیساتھ رہنے کے عزم کا اعادہ کرناہے۔ عالمی یوم امن کو منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔








