پاک بحریہ سمندری سرحد کے دفاع کے ساتھ خدمت خلق میں بھی کوشاں

0
47

پاک بحریہ کی جانب سے مبارک ولیج کراچی میں مفت میڈیکل اور آئی کیمپ کا قیام

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ساحلی علاقوں میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے کی پاک بحریہ کی کاوشوں کے تسلسل اور بالخصوص کرونا وباءکے تناظر میں پاکستان بحریہ نے روٹری کلب انٹرنیشنل ، المصطفٰی ٹرسٹ اور ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے مبارک ولیج ، کراچی میں ایک مفت میڈیکل اور آئی کیمپ قائم کیا۔

آنکھوں کے اسپیشلسٹ ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور جنرل ڈیوٹی میڈیکل آفیسرز پر مشتمل ڈاکٹروں کی ایک قابل ٹیم نے جدید تشخیصی آلات پر مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت مشاورت فراہم کی۔ کیمپ میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے علاوہ معمولی سر جیکل اور ڈینٹل آپریشنز بھی کیے گئے۔

مزید برآں ، مریضوں کو عام متعدی امراض اور ان کے انسداد کی تدابیر بالخصوص کورونا کی وباءکے بارے میں مکمل طور پر آگاہی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ ، مریضوں میں ذاتی صحت و صفائی ، بچوں کی صحت اوردیکھ بھال اور رہائشی علاقوں کی صفائی ستھرائی کے بارے میں شعور اجاگر کیا گیا ۔پاک بحریہ کی جانب سے قائم کردہ میڈیکل / آئی کیمپ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد مستفید ہوئی۔

پاک بحریہ ساحلی پٹی اور ملحقہ علاقوں میں معیاری طبی معالجے کی مسلسل فراہمی کے لئے پر عزم ہے اور حالیہ میڈیکل کیمپ کا قیام پاکستان بحریہ کے اسی عزم کا مظہر ہے۔

Leave a reply