سیال ایئر لائن،پہلا طیارہ سیالکوٹ پہنچ گیا، وزیراعظم کریں گے کب افتتاح؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ائیر سیال کا پہلا ائیر بس اے 320 طیارہ سیالکوٹ لینڈ کرگیا،
سیال ائیر لائن کا آغاز 9 دسمبر کو کرنے کا اعلان کیا گیا ہے،وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ائیر لائن کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے،ائیرسیال کی لانچنگ سے علاقائی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے،ایکسپورٹ انڈسٹری اور فضائی سفر میں مزید سہولت ملے گی،
ایئر سیال کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں آپریشنز شروع کیے جائیں گے، جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور شامل ہیں، مستقبل میں پروازوں کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی بڑھا دیا جائے گا۔یہ نجی ایئر لائن سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان کا منصوبہ ہے، اس منصوبے کی بنیاد 2015 میں سیالکوٹ میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ایئرپورٹ تعمیر کرنے کے بعد رکھی گئی، سیالکوٹ کا یہ ایئرپورٹ ملک کا پہلا اور واحد نجی ایئرپورٹ ہے۔
ایئرسیال نے دنیا کی سب سے بڑی ہوائی جہاز کے لیز پر دینے والی کمپنی ایری کیپ سے تینوں ہوائی جہاز کرائے پر لیئے ہیں۔نجی ملکیت والی ہوائی کمپنی کو 2017 میں ہوابازی ڈویژن کے ذریعہ اپنے آپریشن چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس سے قبل اس پرواز کی کارروائیوں کا آغاز رواں سال جون میں متوقع تھا ، لیکن وبائی امراض کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔ تاہم ، اب ایئر لائن دسمبر کے وسط تک پاکستان میں اپنی پہلی پرواز شروع کرے گی۔