وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حالیہ ورلڈ کپ کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ کو درست کرینگے ،پاکستان میں کرکٹ کا دنیا سے سب سے زیادہ ٹیلنٹ ہے اور ہم نے اس ٹیلنٹ کو ابھارنا ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے دورے کے دوران کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی کرکٹ کو درست کرنے کا اعلان کیا، وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں اپوزیشن کو نشانہ بنایا تو اسی طرح کرکٹ پر بھی خوب بولے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ ورلڈ کپ کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ کو درست کرینگے۔ مجھے معلوم ہے کہ بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے لیکن میرے الفاظ کو یاد رکھیں انشاءاللہ آئندہ ورلڈ کپ میں ہم پیشہ ور اور بہترین ٹیم لائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ملک کو اصولوں پر کھڑا کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہماری قوم کو ٹیلنٹ دیا ہے اور وہ جہاں بھی گئے انہوں نے محنت سے اپنے آپ کو اٹھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے انگلینڈ میں کرکٹ سیکھی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنا معیار بہتر بنانے کے بارے سکھانا ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کا دنیا سے سب سے زیادہ ٹیلنٹ ہے اور ہم نے اس ٹیلنٹ کو ابھارنا ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل تک بھی نہیں پہنچ سکی تھی.
وزیراعظم عمران خان جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر واشنگٹن میں ہیں، نے امریکہ کی مختلف ریاستوں سے سفر کر کے آئے بچوں، بڑوں اور خواتین کا خیر مقدم کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے یہ لوگ اپنے قائد عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے دور دراز سے سفر کر کے کیپیٹل ون ایرینا پہنچے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے سفید شلوار قمیض اور واسکٹ زیب تن کر رکھی تھی ۔ شرکاءنے وزیراعظم کے پہنچنے پر کھڑے ہو کر ان کااستقبال کیا اور وزیراعظم نے ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کا جواب دیا. وزیراعظم پاکستان عمران خان امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کیلئے پاکستانی وقت کے مطابق رات دوبجے ایرینا سٹیڈیم پہنچے۔ سٹیڈیم پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا انتہائی شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہاتھ ہلاکر شرکاءکے نعروں کا جواب دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بھی بجائے گئے.