وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر کے سامنے مقدمہ پیش کروں گا اور آپ کو شرمندہ نہیں ہونے دوں گا،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کیپٹل ارینا ون میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا، وائٹ ہاﺅس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ آج پیر کو ہونے والی ملاقات سے چند گھنٹے قبل وزیراعظم عمر ان خان نے قوم کو یقین دلایا کہ وہ ان کا مقدمہ امریکی صدر کے سامنے رکھیں گے اور کبھی قوم کو شرمندہ نہیں کرینگے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں جس پر انہیں تنقید کا بھی نشانہ بنایا جاتا رہا لیکن آج مجھے آپ کو بتاتے ہوئے یہ فخر ہے کہ امریکی صدر اور پوری دنیا مان رہی ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انشاءاللہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے آپ کا مقدمہ پیش کروں گا اور آپ کو شر مندہ نہیں کروں گا۔
کیپیٹل ارینا ون میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی 22سالہ جدوجہد پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس نے حاضرین کو جذباتی کر دیا۔ دستاویزی فلم میں عمران خان کی کرکٹ سے لیکر وزیراعظم پاکستان بننے تک کی جدوجہد کا سفر دکھایا گیا۔ ویڈیو میں ان جلسوں کی بھی جھلکیاں دکھائی گئیں جس میں لاکھوں لوگوں کے اجتماع سے وزیراعظم عمران خان خطاب میں نئے پاکستان بنانے کے عزم کا اعادہ کر رہے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے مذکورہ دستاویزی فلم کو گہری دلچسپی سے دیکھا۔
وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر واشنگٹن میں ہیں، نے امریکہ کی مختلف ریاستوں سے سفر کر کے آئے بچوں، بڑوں اور خواتین کا خیر مقدم کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے یہ لوگ اپنے قائد عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے دور دراز سے سفر کر کے کیپیٹل ون ایرینا پہنچے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے سفید شلوار قمیض اور واسکٹ زیب تن کر رکھی تھی ۔ شرکاءنے وزیراعظم کے پہنچنے پر کھڑے ہو کر ان کااستقبال کیا اور وزیراعظم نے ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کا جواب دیا. وزیراعظم پاکستان عمران خان امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کیلئے پاکستانی وقت کے مطابق رات دوبجے ایرینا سٹیڈیم پہنچے۔ سٹیڈیم پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا انتہائی شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہاتھ ہلاکر شرکاءکے نعروں کا جواب دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بھی بجائے گئے.
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کے موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے مخصوص انداز سے شرکاء کا لہو گرمایا اور پاکستان میں پی ٹی آئی کے جلسوں کی یاد تازہ کردی.