وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات آج ہو گی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ملاقات میں ہمراہ ہوں گے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات آج ہو گی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ملاقات میں شریک ہوں گے،
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے وفد کے رکن کی حیثیت سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وائٹ ہاؤس میں میٹنگ میں شریک ہوں گے،وزیراعظم کے وفد کی وائٹ ہاؤس میں میٹنگ کے بعدآرمی چیف پینٹا گون کا دورہ کریں گے،
ڈی جی آئی ایس پی آر کامزید کہنا تھا کہ پینٹا گون میں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع رچرڈ سپینسرسے ملیں گے،آرمی چیف امریکی چیف آف سٹاف جنرل مارک اے ملے سے بھی ملاقات کریں گے پینٹاگون میں آرمی چیف امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈسے بھی ملیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر یہاں واشنگٹن میں ہیں۔پاکستان کی عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے. وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات پاکستانی کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا ، وزیراعظم نے کل امریکا میں مصروف ترین دن گزارا، سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی.
وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ وہ امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب بھی کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بات چیف ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے ملاقات کا شیڈول بھی طے ہے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔
قبل ازیں امریکا پہنچنے پر ایئر پورٹ پر وزیر اعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے موجود تھی۔ وزیراعظم عمران خا ن کی واشنگٹن ڈی سی آمد پر پاکستانی کمیونٹی خوشی سےنہال ہوگئی۔ واشنگٹن میں پاکستان ہاؤس پہنچنے پر پاکستانی کمیو نٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم عمران کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگ بےتاب نظر آئے۔ ایئر پورٹ سے وزیر اعظم پاکستان ہاؤس پہنچے اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان اپنے قائد کو ویلکم کہنے کیلئے پاکستان ہاؤس کے باہر موجود تھی۔ خواتین اور بچوں کا جوش بھی قابل دید تھا، کارکنان کی بڑی تعداد نے ڈھول کی تھاپ اور پارٹی ترانوں پر رقص کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ پاکستان ہاؤس کےاطراف قومی اورپی ٹی آئی پرچموں کی بہار ہے۔عمران خان کی آمد کے ساتھ ہی فضا پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر سیکیو رٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، وزیراعظم عمران خان قطر ائیر ویز کے ذریعے امریکا پہنچے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر 50 ہزار ڈالر خرچ آئے گا جبکہ اس سے قبل پاکستان کے وزراء اعظم کے دورہ امریکا پر چار لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر خرچ آتا تھا