باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمرا ن خان نے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے
On the passing of JI's Hafiz Salman Butt my condolences and prayers go to his family.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 30, 2021
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ سلمان بٹ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے
حافظ سلمان بٹ کی دو روزقبل وفات ہوئی تھی، انکی نماز جنازہ دوپہر 2 بجے لاہور منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے پڑھائی تھی۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق، سکریٹری جنرل امیر العظیم، ڈاکٹر فرید پراچہ،لیاقت بلوچ، حافظ سلمان بٹ کے صاحبزادے جبران بٹ سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ سے سینیٹر سراج الحق نے حافظ سلمان بٹ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صاحبزادے سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا فرمائی۔
حافظ سلمان بٹ 65 برس کی عمر میں لاہور کے نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل تھے جہاں وہ جمعرات کی شب انتقال کر گئے۔ حافظ سلمان بٹ طویل عرصے سے شوگر کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔
جماعت اسلامی کے سینئر رہنما حافظ سلمان بٹ 17 جنوری 1956 کو لاہور میں پیدا ہوئے وہ دو بار رکن قومی اسمبلی رہے، وہ پہلی بار 1985اور دوسری بار 2002میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ ایک بار رکن پنجاب اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔
حافظ سلمان بٹ نے ہمیشہ ملکی مفاد کوذاتی مفاد پرترجیح دی اورایک ایماندارشخص کی حیثیت سے اپنی زندگی گزاری ، ان کے سیاسی مخالفین بھی ان کو ان کی ان خوبیوں کی وجہ سے یاد کرتے ہیں
حافظ سلمان بٹ اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اور امیر جماعت اسلامی لاہور کے منصب پر بھی فائز رہے۔ذرائع کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حافظ سلمان بٹ کاشمارجماعت اسلامی کے جرأت مند رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ ریلوے پریم یونین کے عرصہ دراز تک صدر رہے۔
دوسری طرف ملک بھر کی سیاسی ،مذہبی ،سماجی اورکاروباری شخصیات کی طرف سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے