پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز ،میدان میں اترنے کے لیے تیارہیں، کپتان
پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا آغاز 9 فروری بروز منگل سے ہرارے میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پچاس اوورز پر مشتمل تین میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے میں کوئی کرکٹ سیریز کھیلے گی۔ سیریز میں شامل تین ایک روزہ میچز 9، 12 اور 14 فروری کو کھیلے جائیں گے۔
پچاس اوورز پر مشتمل سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ سیریز میں شامل تین میچز 17، 19 اور 20 فروری کو کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا ، جہاں اسے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 0-3 اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم آلراؤنڈر عالیہ ریاض 136 رنز بنا کر ایک روزہ انٹرنیشنل سیریزمیں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر اور ڈیانا بیگ 9 وکٹیں حاصل کرکے بہترین باؤلر قرار پائی تھیں۔
اسی طرح ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے آخری میچ میں کپتان جویریہ خان نے 56 رنز کی اننگزکھیلی تھی۔ ان کی اس اننگز نے اس دورے میں پاکستان کی جانب سے حاصل کی گئی واحد فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
جویریہ خان، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہناہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام ارکان زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پرجوش ہیں، جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹی ٹونٹی میچ میں فتح سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، زمبابوے کے خلاف فتح حاصل کرکے ٹیم کو وننگ ٹریک پر برقرار رکھنا اصل ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کی عالمی وباء کی وجہ سے دنیا بھر میں ویمنز کرکٹ کےمقابلے محدود ہیں تاہم وہ خوش قسمت ہیں کہ پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے فوری بعد اب زمبابوے کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔
جویریہ خان نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم ورلڈکپ کوالیفائر کا حصہ ہوگی، ایونٹ سے قبل اس ٹیم سے کھیلنا پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوگا۔