یوم مزدور،حکومت مزدوروں کیلیے کیا کر رہی ہے؟ وزیراعظم نے بتا دیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام نے سماجی انصاف کے اصولوں اور محنت کشوں کے حقوق کا احترام کرنے پر خصوصی زور دیا ہے،

یوم مزدور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں اور ان کے اہلخانہ کو گھر ، تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے، حکومت کورونا کی وبا کے باعث محنت کشوں بالخصوص روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو درپیش چیلنج سے پوری طرح آگاہ ہے اور کم آمدن والے محنت کشوں کیلئے حکومت نے مزدور کا احساس پروگرام شروع کیا ہے۔ یکم مئی ہمیں ان کارکنوں کی قربانیوں ، بہادری اور عزم کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے بنیادی حقوق کو برقرار رکھنے اور کام کے منصفانہ ماحول کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ یہ محنت کشوں کی عظمت کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ بھی موقع فراہم کرتا ہے کہ اپنے اندرون اور بیرون ملک محنت کشوں کے قومی تعمیر کیلئے انمول خدمات کا اعتراف کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام سماجی انصاف اور محنت کشوں کے حقوق کا احترام کرنے پر خاص طور پر زور دیتا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی کئی احادیث میں محنت کشوں کے حقوق ، ان کو مناسب معاوضہ کی ادائیگی اور محنت کش طبقہ کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے کی تعلیم دی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کو کام کرنے کا بہتر ماحول، گھر، تعلیم اور ان ا ور ان کے اہلخانہ کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کارکنوں کے فلاحی اداروں کے لئے خودکار ، مربوط نظام وضع کرنا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے اور کارکنوں کو ریلیف کی فراہمی میں تاخیر کو کم کیا جاسکے۔موجودہ حکومت نے لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشہ وارانہ تربیت اور ہنر کی ترقی کے پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ محنت کشوں کو اندرون و بیرون ملک ملازمتوں کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کووڈ۔19 سے بالخصوص محنت کشوں کیلئے پیدا ہونے والی صورتحال اور چیلنجز سے بھی پوری طرح آگاہ ہے۔ ہم اپنے محنت کشوں کو اپنا سمجھتے ہیں اور ان کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، ہم اس امر کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں کہ اقتصادی ترقی کے ثمرات سے محنت کشوں سمیت آبادی کے تمام طبقات خوشحال ہوں۔

کرونا سے نہیں،مزدور بھوک کی وجہ سے موت کے منہ میں جا رہے ہیں، سراج الحق

مزدوروں کے لئے حکومت کیا کر رہی ہے؟ وزیراعظم نے مزدور ڈے پرپیغام جاری کر دیا

مزدور ڈے پر حکومت مزدور کو کیا ریلیف دے سکتی تھی؟ شہباز شریف میدان میں آ گئے

قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا یوم مزدور پر کہنا ہے کہ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں -1886 کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیں اور یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔دین اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے۔دین اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں محنت کش کو اس کے حقوق دینے کے لئے پرعزم ہیں۔نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے۔حکومت محنت کشوں کی فلاح وبہبود کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کر رہی ہے جبکہ ماضی میں محنت کشوں کو وعدوں پر ٹرخایا گیااورسابق ادوار میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔

Comments are closed.