منفی بیانات اور الزام تراشیاں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی عبداللہ عبداللہ سے ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات ہوئی ہے

دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر خارجہ نے چیرمین افغان اعلیٰ کونسل برائے قومی کو، ستمبر 2020 میں کیے گئے، پاکستان کے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بلاتخصیص تمام افغان قیادت کے ساتھ روابط کے متمنی ہیں تاکہ افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات بہتر انداز میں آگے بڑھ سکیں

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو، اپنی پرخلوص مصالحانہ کاوشوں کے سبب امریکہ اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے اور بین الافغان مذاکرات کے انعقاد میں کامیابی حاصل ہوئی -اب یہ ذمہ داری افغان قیادت پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اس نادر موقعے کو غنیمت جانتے ہوئے، جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا سیاسی حل تلاش کریں -امن مخالف اسپائیلرز کی پسپائی کیلئے، بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ناگزیر ہے،وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ منفی بیانات اور الزام تراشیاں، محض ماحول کی خرابی کا باعث بنتی ہیں ایسے منفی بیانات امن مخالف قوتوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں، مخدوم شاہ محمود قریشی

Shares: