پپپلز کالونی میں سیوریج کا پانی گھروں میں بھر جانے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا
پپپلز کالونی میں سیوریج کا پانی گھروں میں بھر جانے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا
راولپنڈی یکم اگست(اے پی پی)حالیہ بارش کے باعث کنٹونمنٹ کے علاقے پپلز کالونی اور ٹینچ بھاٹہ میں سیوریج کا پانی گھروں میں بھر جانے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے علاقہ میں نالوں کی صفائی نہ کرنے کے باعث بارش ہونے کے بعد نالوں کا پانی گھروں میں بھر جانا معمول ہے ۔ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر سے اپیل کرتے ہیں کہ پپلز کالونی اور ٹینچ بھاٹہ میں روزانہ کی بنیاد پر نالوں کی صفائی کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز علاقہ مکینوں جنید بھٹی،ملک عدنان،رضوان خان،چوہدری مزمل،راجہ فواد ،راجہ جنید،ملک عامر اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کیا ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کینٹ بورڈ شعبہ سینی ٹیشن کا عملہ نالوں کی صفائی نہیں کرتا اور جب بھی بارش ہوتی ہے تو نالوں کا پانی گھروں کی طرف نکل آتا ہے جس سے اہل علاقہ کو شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہونا پڑتا ہے، انہوں نے بتایا کہ اگر بارش نہ بھی ہو تب بھی نالوں کا گندہ پانی سڑک پر موجود رہتا ہے اور راہگیروں خاص طور پر مساجد جانے والے نمازیوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہتا ہے ۔ اہل علاقہ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ علاقہ میں روزانہ کی بنیاد پر نالوں کا صفائی کروائی جائے ۔