یوم عاشورہ، جلوسوں کیلئے سیکورٹی پلان تشکیل ،ڈبل سواری پربھی ہو گی پابندی

ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ساجد کیانی نے کہا ہے کہ نویں، دسویں محرم الحرام کو شہر بھر میں برآمد ہونے والے05 مرکزی جلوسوں سمیت تمام پروگراموں کوبھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

مجموعی طور پر عاشورہ کی مناسبت سے 605مجالس اور 125جلوس برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ عزاداروں کی سکیورٹی پر14 ایس پیز،34 ڈی ایس پیز،83 انسپکٹرزاور762 اَپر سب آرڈینیٹس تعینات ہونگے۔ نو محرم کو 08ہزار جبکہ 10ویں محرم الحرم کو 10ہزار سے زائدافسران و جوان فرائض سر انجام دیں گے۔ عاشور کے موقع پر پولیس کے ساتھ معاونت کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی تعینات ہونگے۔ ضلعی انتظامیہ،سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں کی معاونت سے عاشورہ محرم پُر امن بنائیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی جبکہ جلوسوں کے روٹ میں آنے والی تمام گلیوں کو خاردار تاریں اور بیرئرزلگا کر مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔انتظامہ کی طرف سے منتخب کردہ داخلی راستوں سے ہی جلوس میں شامل ہونے کی اجازت ہو گی۔ چیکنگ پوائنٹس پر پولیس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی رضاکار بھی تعینات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عزادار خواتین کے چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس اہلکار اوررضا کار بھی تعینات کی گئی ہیں۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور مخصوص ایریاز میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔ڈولفن سکواڈ، پیرو ٹیمیں، ایلیٹ فورس اور ابابیل ٹیمیں بھی حساس مقامات کے اطراف گشت یقینی بنائیں گی۔

جلوس کے راستوں پرپنجاب سیف سٹی اورڈرون کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ساجد کیانی نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکاء ماسک سمیت کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جلوس کے داخلی راستوں کے علاوہ تمام ذیلی راستوں کو اختتام تک سیل رکھا جائیگا۔شہری لاوارث سامان،موٹر سائیکلز اور مشکوک افراد کی اطلاع فوراً 15 یا مقامی پولیس کو دیں۔

Shares: