واہگہ اٹاری بارڈر پر بھارتی حکام کی دوڑیں لگ گئیں

0
72

افغانستان سے براستہ پاکستان بھارت جانے والے ایک کارگو ٹرک میں مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کی اطلاع نے بھارتی سرحد پر تعینات سیکیورٹی حکام کی دوڑیں لگوادیں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان سے ڈرائی فروٹ لے کر ٹرک واہگہ کے راستے بھارتی سرحد کے اندر اٹاری چیک پوسٹ پہنچا تو ٹرک کی چیکنگ کے دوران ڈیٹکٹر نے دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا الارم بجانا شروع کر دیا جس کے بعد اٹاری چیک پوسٹ پر ایمرجنسی نافذ کر کے وہاں کا کنٹرول انسداد دہشت گردی کے حکام نے سنبھال لیا اور ٹرک کی تلاشی شروع کردی۔

اس دوران ٹرک کی باڈی کے اندر لوہے کا نو سو گرام وزنی ایک ڈبہ برآمد کیا گیا جسے کھولا گیا تو اس کے اندر تین سو گرام پاوڈر نما چیز نکلی جس کا تجزیہ کرنے کے بعد حکام نے بتایا کہ اس میں دھماکہ خیز مواد نہیں جس کے بعد انٹی نارکوٹکس حکام کو طلب کیا گیا جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ مواد منشیات کی کوئی بھی قسم نہیں۔

مذکورہ پراسرار مواد کو تجزیہ کے لئے لیبارٹری میں بھجوادیا گیا ہے۔ پولیس اور کسٹم حکام نے چیک پوسٹ پر موجود تمام ٹرکوں اور سامان کی دوبارہ تلاشی لینے کے احکامات دئے۔ یہ تلاشی رات گئے تک جاری تھی۔ اٹاری حکام نے افغان ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔ 

Leave a reply