لاہور:ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا آج سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آغاز ہو رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق اس ایونٹ میں چھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ افتتاحی میچ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست بروز اتوار روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔

ایشیا کی 6 بہترین ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔

گروپ ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد وسیم جونئیر سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔گزشتہ روز دبئی میں پریکٹس سیشن کے دوران کمر میں تکلیف محسوس کرنے پر فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کا ایم آر آئی اسکین کروایا گیا تھا۔

ایم آر آئی اسکین رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی میڈیکل پینل نے انہیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔محمد وسیم کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو ان کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔حسن علی پہلی دستیاب فلائٹ سے دبئی پہنچ کر قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

پی سی بی کے مطابق محمد وسیم جونیئر اب اپنا ری ہیب مکمل کریں گے۔ پی سی بی کا میڈیکل پینل اب انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل محمد وسیم جونیئر کی انجری کا دوبارہ جائزہ لے گا، جس کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب، فاسٹ بولر حسن علی کو محمد وسیم جونیئر کے متبادل کی حیثیت سے دبئی میں قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کی اسکواڈ میں شمولیت ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے مشروط ہے۔ ای ٹی سی کی منظوری کے بعد حسن علی پہلی دستیاب فلائٹ پر دبئی روانہ ہوجائیں گے۔

Shares: