اسلام آباد:جاز کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے 1 ارب روپے مالیت کی معاونت کا اعلان کیا گیا ہے۔اس حوالے سے جاز سی ای او عامر ابرہیم کا کہنا ہے کہ معاونت سے فلاحی اداروں کے اشتراک سے بالخصوص ایمرجنسی سپلائی اور سبسڈائزڈ ٹیلی کام خدمات ودیگر امور انجام دیئے جائیں گے۔

عامر ابرہیم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ اپنے لوگوں کی امداد کرنا ہمارا فرض ہے، شدید مشکلات کے باوجود سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز جاری رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔جاز سی ای او نے مزید کہا کہ سیلاب کے باعث ڈیجیٹل انفراء اسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جہاں جہاں ممکن ہے بحالی کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس معاونت میں جاز کیش اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کا حصہ بھی شامل ہے۔

یوفون نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مفت کالز کی سہولت فراہم کردی،ترجمان یوفون کے مطابق یوفون 4G نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رابطے کیلئے مفت کالز کی سہولت فراہم کردی ہے۔اس حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ مفت کالز کی بدولت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو اپنے پیاروں سے رابطہ قائم رکھنے میں مدد ملے گی۔

ترجمان یوفون نے مزید کہا کہ یوفون سے یوفون نیٹ ورک اور پی ٹی سی ایل نمبروں پر مفت کالز کی سہولت پیش کی جارہی ہے، یوفون کے صارفین #4357* ڈائل کر کے یہ آفر حاصل کرسکتے ہیں۔

ادھر ملک بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1033 سے تجاوز کرگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 74، خیبر پختونخوا میں 31، پنجاب میں 1، بلوچستان میں 4، گلگت بلتستان 6 اور آزاد کشمیر میں بھی 1 شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق بارشوں کے بعد سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں میں 32 بچے 56 مرد 9 خواتین شامل ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 57 لاکھ 73 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے سبب 9 لاکھ 49 ہزار گھر ،7 لاکھ 19 ہزار سے زائد لائف اسٹاک سیلاب کی نظر ہوئے، 2 لاکھ 67 ہزار 719گھر ملیا میٹ، 3 ہزار 116 کلومیٹر شاہراہیں، 149 پُل سیلاب میں بہہ گئے۔

سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں جاری
ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے، متاثرین میں 5487 راشن کے پیکٹ اور 1200 سے زائد خیمے تقسیم کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک بھر میں 117 ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں، آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں فلڈ ریلیف سینٹر قائم کیا گیا ہے، سینٹر کا مقصد فلڈ ریلیف اقدامات کو کوآرڈنیٹ کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 25 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے، آرمی فلڈ ریلیف کورڈینیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، ملک بھر میں امداد کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔

Shares: