عوام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کے ساتھ تعاون کریں -عبدالحنان

اے ایس پی مریدکے سرکل کی سربراہی میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس، تاجر رہنماؤں، میڈیا نمائندوں کی خصوصی شرکت
باغی ٹی وی: شیخوپورہ تحصیل مریدکے(محمد طلال سے) اے ایس پی سرکل مریدکے عبدالحنان نے گزشتہ روز تاجر رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر امن وامان کی صورتحال، مقامی پولیس کی کارکردگی اور عوام کے ساتھ تعلقات و شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ تحصیل کمپلیکس میں ہوئی ملاقات کے دوران افسرِ اعلیٰ نے جہاں پولیس کارکردگی، متعدد ڈکیت گروہوں اور قتل کی وارداتوں کے ملزمان کی گرفتاریوں کو نمایاں کیا وہیں پر شرکاء اجلاس نے شہر میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر کھل کے بات کی اور تھانہ سٹی کے اہلکاروں و تفتیش کاروں کی مبینہ کرپشن، ایف آئی آرز کے اندراج میں تاخیر اور عوام سے بدسلوکی کے واقعات کو اجاگر کیا۔ اے ایس پی کا کہنا تھا کہ ہم نے محدود وسائل کے باوجود مریدکے میں پولیس نفری، ناکہ پوائنٹ بڑھائے نیز گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر پولیس نے پچھلے کچھ عرصہ کے دوران دس لاکھ جبکہ سٹی پولیس نے 14 لاکھ کی لوٹی گئی رقم عوام کو واپس کی، سٹی پولیس نے چار گینگ، صدر نے پانچ ڈکیت گینگ پکڑے۔ سرکل پولیس نے 9 قتل بھی ٹریس کیے۔ اجلاس میں تاجر نمائندے بھی بعض پولیس اہکاروں کے شاکی نکلے۔ عبدالحنان نے ان شکایات پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور عوام سے اپیل کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مضبوط ہوں۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی مریدکے شاہ زمان، ایس ایچ او صدر ولی حسن پاشا، ایس ایچ او تھانہ نارنگ سجاد اکبر، انجمن تاجران کے قائدین قاضی نعیم خاور، نثار چیمہ، ملک اعظم، خرم مدیال، رانا احسان سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے۔

Leave a reply