باغی ٹی وی: شیخوپورہ (محمد طلال سے)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کو فیڈرل ایجوکیشن اور پروفیشنل ٹریننگ سرچ کمیٹی سے ہٹا دیا۔ وفاقی وزیر کی سربراہی میں یہ کمیٹی 13 ستمبر کو بنی تاکہ قائد اعظم یونیورسٹی، علامہ اقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلرز اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر کی تقرری کی جا سکے۔ نجی ڈان اخبار کے مطابق جی سی یو میں عمران خان کے خطاب کے بعد گزشتہ روزرانا تنویر نے ڈاکٹر زیدی کو ہٹانے کی ہدایت دی جس پر جوائنٹ سیکرٹری راجہ محمد اختر نے سرچ کمیٹی سے وی سی جی سی یو کی فراغت کا آرڈر جاری کیا اور ان کی جگہ ڈاکٹر شعیب میر کی تعیناتی کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ رانا تنویر حسین نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھی ڈاکٹر زیدی کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کیلئے کہا ہے۔ رانا تنویر حسین نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ بھی کیا جس میں لکھا گیا ” جو کچھ یونیورسٹی میں ہوا ، میرے پاس مذمت کے الفاظ نہیں کہ مادر علمی نفرت کے سوداگر پی ٹی آئی لیڈر کو بطور سٹیج فراہم کر دی گئی۔ میں نے متعلقہ حکام کو حکم دیدیا ہے کہ وی سی جی سی یو کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ یاد رہے کہ رانا تنویر حسین خود بھی اولڈ راوینز ہیں۔ انہوں نے یہاں سے ایم اے اکنامکس کیا۔

Shares: