ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی ( راجہ قریشی نامہ نگار) جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ علی اصفر سیال نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2023 کے لئے ووٹر لسٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس ضمن میں انتخابی فہرستوں کا اجراع 7 اکتوبر 2022 کر دیا گیا ہے جبکہ فہرستیں جانچ کیلئے ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل الیکشن کمشنر ٹھٹھہ کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل الیکشن کمشنر عبدالرحمان آرائیں اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹہ عذرہ مہیسر بھی موجود تھیں۔ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی فہرستیں شایع کردی گئی ہیں جبکہ ووٹرز کی سہولت کے مد نظر ضلع ٹھٹہ میں 10، ضلع سجاول میں 9 جبکہ ضلع بدین کے اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسز میں فارم سبمیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ تینوں اضلاع کے ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر میں ون ونڈو سینٹر بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں قابل اور با صلاحیت افسران و عملہ رہنمائی کیلئے دستیاب ہے تاکہ لوگ آسانی سے اپنے ووٹ کے اندراج، منتقلی اور درستگی سے متعلق فارم جمع کروا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کا اندراج، منتقلی یا درستگی شناختی کارڈ کے موجودہ یا مستقل پتے کے مطابق ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو چاہیے کہ وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں اور اگر ان کا ووٹ صحیح جگہ پر درج نہیں ہو تو اپنے ووٹ کا اندراج، تصحیح اور اخراج ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے کروا سکتے ہیں.

کی طرف سے پوسٹ کیا گیاڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں