ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان سید خرم علی کا راجن پورکچہ ایریا کا دورہ

ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان سید خرم علی کا راجن پورکچہ ایریا کا دورہ ۔کچہ ایریا میں امن وامان کی صورتحال اور پولیس کی جانب سے اقدامات کاجائزہ ۔پولیس پکٹس بہارماچھی ،پتن چانڈیہ کا وزٹ ،اچھی کارکردگی پر ملازمان کی حوصلہ افزائی ،نقدانعام اور سرٹیفکیٹس دینے کا حکم ۔ کچہ میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف جاری ٹارگیٹڈ آپریشن تیز کرنے کا حکم۔کچہ کے علاقوں میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلاکر معاشرے کا امن پامال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے.
باغی ٹی وی ، ڈیرہ غازیخان (نامہ نگار) تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی ایک روزہ دورے پر ضلع راجن پور پہنچے ۔ ڈی پی او راجن پور احمد محی الدین نے آر پی او کا پر تپاک استقبال کیا ۔ آر پی او سید خرم علی نے ڈی پی او راجن پور کے ہمراہ راجن پورکچہ ایریا کا تفصیلی دورہ کیا ۔ ڈی پی او نے کچہ ایریا میں امن و امان کے قیام، مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے پولیس کی جانب سے کیئےگئے اقدامات ، کچہ میں قائم پولیس پکٹس ،تعینات نفری اورمجموعی کارکردگی سےمتعلق آر پی او کو بریف کیا۔ آر پی او نے وزٹ کے دوران کچہ کے علاقہ میں کرائم، امن وامان کی صورتحال اور پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

آر پی او سید خرم علی نے کچہ ایریا میں قائم پولیس پکٹس بہار ماچھی اور پتن چانڈیہ کا وزٹ کرکے پکٹس پر فراہم کردہ سہولیات ، گاڑیوں ، اسلحہ ایمونیشن اور مورچوں کوچیک کیا ۔ کچہ ایریا میں فرنٹ لائن پر تعینات افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور حوصلے و جوانمردی سے فرائض کی انجام دہی پر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کو نقدانعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

آر پی او نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان سے مسائل دریافت کیئے اور مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیئے ۔اس موقع پر آر پی او کا کہنا تھا کہ کچہ ایریا سے جرائم پیشہ عناصر اور ان کی کمین گاہوں کے خاتمے میں پولیس کے جوانوں نے جرت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے ۔امن و امان کے قیام کےلیے پولیس کےجوانوں اور شہدا کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ کچہ سے جرائم کے مکمل خاتمہ ،جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی سرکوبی کےلیے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی ہے ۔کچہ ایریا میں پولیس فورس کو تمام وسائل فراہم کرکے مزید مضبوط کیا گیا ہے جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائیوں کےسلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر آر پی او سید خرم علی نے مزید احکامات جاری کیئے کہ کچہ کے علاقوں میں تمام وسائل کو بروئے کارلاکر معاشرے کا امن پامال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔

Leave a reply