وزیراعظم سے ملاقات، ہر مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ ہیں: ق لیگ کا وعدہ

0
39

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ہر مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، چودھری سالک حسین، ملک احمد خان اور عطا اللہ تارڑ بھی ملاقات موجود تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی اور مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل حالات میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعظم سے چودھری شجاعت حسین کی ملاقات میں اتفاق پایا گیا کہ تمام اتحادی جماعتیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے یک جان ہو کر کام کرتی رہیں گی۔

یاد رہے کہ چند دن پہلے شیخ رشید نے چوہدری برادران کے اختلافات ختم ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں 3 سے 4 دن پہلے چوہدری شجاعت حسین کی کال آئی تھی اور کہا کہ ہم دونوں بھائی ایک ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہی ایک ساتھ ہیں۔ دوسری جانب چوہدری شجاعت حسین کے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے راولپنڈی میں تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کو ساتھ لے کر چلنا اور انہیں آ گے بڑھنے کا موقع دینا چودھری پرویز الٰہی کی سیاست کا نصب العین ہے،

جن لوگوں کیلئے ہم نے قربانیاں دیں انہوں نے ہی مسلم لیگ کا بیڑا غرق کیا، ایسے لوگوں کو عنقریب حلقے سے جوتے پڑیں گے اور ان کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، جو سمجھتے ہیں عمران خان اور پرویزالٰہی کے آپس میں اچھے روابط نہیں تو یہ ان کی بھول ہے، عمران خان اور ہمارا اتحاد انشاء اللہ قائم رہے گا، اپنی جماعت کی شناخت اور عمران اتحاد کو قائم رکھنے کیلئے ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے۔

Leave a reply