راولپنڈی:سات دن میں لال حویلی خالی کریں ورنہ بیدخل کردیاجائیگا، شیخ رشیدکو نوٹس جاری.یہ نوٹس متروکہ وقف املاک راولپنڈی کےڈپٹی ایڈمنسٹریٹرآصف خان کی طرف سےجاری کیاگیاہے،بیدخلی کےاس نوٹس میں ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کیجانب سےشیخ رشید اور ان کےبھائی شیخ صدیق کو لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس سے بےدخلی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ زیر قبضہ اراضی یونٹس 7 دن میں خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو پولیس کی معاونت کے لیے بھی خط لکھ دیا ہے۔خط میں 7 اراضی یونٹس خالی کرانےکے لیے 19 اکتوبر کو پولیس کی مدد مانگی گئی ہے۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونِٹس کیس کی متعدد سماعتیں ہو چکیں، شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کوئی مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔
یہ بھی یاد رہے کہ اس سے پہلے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونِٹس پر قبضے کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے والے راولپنڈی کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان کو ہٹا دیا گیا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک راولپنڈی آصف خان کو ہیڈ آفس لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر وقف املاک راولپنڈی تنویر خان کو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کو چند روز میں لال حویلی سمیت 7 اراضی یونِٹس کیس کا فیصلہ سنانا تھا۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور آفتاب درانی کے شیخ رشید سے قریبی تعلقات ہیں۔اس حوالے سے آفتاب درانی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک راولپنڈی آصف خان کے تبادلے سے میرا کوئی تعلق نہیں۔شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کیا تھا، تاہم عدالت نے ان کی درخواست خارج کر دی تھی۔
متروکہ وقف املاک میں لال حویلی سمیت 7 اراضی یونِٹس پر قبضے کے کیس کی متعدد سماعتیں ہوئی ہیں۔شیخ رشید کے مستند دستاویزات پیش نہ کیے جانے پر زیرِ قبضہ اراضی پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق نے گزشتہ روز عدالت سے ایک بار پھر رجوع کیا تھا۔