باغی ٹی وی ،ٹھٹھہ ( نامہ نگار، راجہ قریشی) ڈاکٹر ریاض احمد صدیقی نے کہا ہے کہ بچوں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ باالخصوص خواتین اساتذہ کو دلچسپی، محنت اور لگن سے اقدامات لینے ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلام اللہ روڈ ترک کالونی ٹھٹھہ میں واقع ایف اے ایس اسکول کے دورے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) حضور بخش خاصخیلی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (پرائمری) محمد رحیم سومرو، ڈسٹرکٹ مینیجر سندہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن محمد یونس رستمانی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر (محتسب) نے اسکول کے کلاس رومز اور محتلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جبکہ بچوں سے ملاقات کرکے تدریسی عمل کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے اسکول کے اندر نظم و ضبط پر مبنی ماحول کو فعال رکھنے پر اسکول انتظامیہ، ایس ای ایف کے افسران باالخصوص اساتذہ کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے اور طلبہ کو ہنرمندی اور فنی علوم سے آراستہ کرکے نہ صرف بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر بھی گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایس ای ایف اور ایس ای ایل ڈی سکولوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ قبل ازیں ریجنل ڈائریکٹر (محتسب) کو ایس ای ایف کے اسکالرشپ پروگرام اور پی ایس پی کے اقدامات کے متعلق بھی بریفنگ بھی دی گئی۔

Shares: