کچھ شرم کر ،اللہ سے ڈر،ارشد شریف کی اہلیہ کاپیغام، مریم نواز نے کی معذرت

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کو کینیا میں قتل کر دیا گیا ہے ارشد شریف کی لاش آج شب اسلام آباد پہنچے گی اور جمعرات کو اسلام آباد میں ہی تدفین ہو گی

ارشد شریف کے قتل پر ملک بھر میں شدید غم کی لہر ہے صحافتی برادری سمیت پاکستان کے شہری انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں حکومت نے جوڈیشیل کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کی والدہ سے بات کر کے تعزیت کی ہے۔ ارشد شریف کے گھر تعزیت کرنیوالوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ایسے میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے ٹویٹ کی جس پر شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا مریم نواز کی ٹویٹ پر صحافی حلقوں نے جذبات کا اظہار کیا اور مریم سے معافی کا مطالبہ کیا وہیں ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کی

جویریہ صدیق نے ٹویٹر پر ارشد شریف کی جانب سے مریم نواز کی والدہ کے لیے دعا کا سکرین شاٹ شیئر کیا اور مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شرم کر۔ اللہ سے ڈر

مریم نواز نے ارشد شریف مرحوم کے تابوت کی تصویر کے ساتھ ٹویٹ ری ٹویٹ کی، ٹویٹ میں کہا گیا کہ فتنہ عمران اور اس کے یوتھیوں کےلیےخبر ہے ‘ یہ اینکر کہتا تھا کہ نواز شریف نے مرحومہ ماں کو پارسل کرکےبھیجا’، دوسروں کی بیماری اورموت کا مذاق اڑایا،آج اس اینکرپر وقت آگیا۔

لیگی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ ری ٹویٹ کرتے ہوئے اچھا نہیں لگ رہا لیکن یہ انسانوں کےلیےسبق ہے۔

واضح رہے کہ مریم نواز کے ٹویٹ کے برعکس ارشد شریف نےکبھی ایسا نہیں کیا تھا، مرحوم نے کلثوم نواز کی صحت یابی کےلیے دعائیہ ٹویٹ کی تھی۔

ارشد شریف کی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ کلثوم نواز ہر مشکل وقت شریف خاندان کےلیےطاقت کا باعث بنیں یہ بہادر عورت ہیں جو بطور بیوی،مان، بہن ہر کردار میں ثابت قدم رہیں۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان نے بھئ اپنے وی لاگ میں مریم نواز کی ٹویٹ پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو ایسا نہین کرنا چاہیے تھا جب ملک بھر میں سوگ کی کیفیت ہے سیاسی لیڈروں کو زیب نہیں دیتا کہ ایسی چھوٹی حرکتیں کریں مبشر لقمان نے مریم نواز کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ٹویٹ ڈیلیٹ کریں اور معافی مانگیں

مریم نواز کے ٹویٹ پر رہنما پی ایف یو جے لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ ارشد شریف بےداغ صحافی تھے، مریم نواز نے جوٹوئٹ کیا وہ شرمناک ہے، صحافی برادری کو بھرپور مؤقف دینا چاہیے۔

اینکر کامران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مریم بی بی پوری قوم تمام میڈیا شخصیات ہر نظریے کے دانشور ارشد شریف شہادت پر آپکی بے رحمانہ ری ٹوئیٹ پر معذرت کے منتظر ہیں لمحہ بھر ٹوئٹر پر نظر ڈالیں لاکھوں ٹوئٹس میں آپکے اس عمل پر شدید غم وغصہ کا اظہار ہے اس احتجاج کی شدت میں ہر لمحہ اضافہ ہو رہا ہے

شدید عوامی ردعمل کے بعد مریم نواز نے ایک اور ٹویٹ کی اور کہا کہ ‏میرے ٹویٹ کا مقصد کسی کا مذاق اڑانا نہیں بلکہ ماضی سے سبق سیکھنا تھا۔ میں ٹویٹ کو ڈیلیٹ کر رہی ہوں اور اس سے متاثرہ افراد کو پہنچنے والی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہوں جو میرا ارادہ کبھی نہیں تھا۔ کبھی کسی کو اس تکلیف سے نہ گزرنا پڑے۔ سوگوار خاندان کے لیے دعائیں۔

Comments are closed.