سردار فیض ٹمن اِن، ملک یاسر اعوان دندہ آؤٹ۔۔۔!!!

سردار فیض ٹمن اِن، ملک یاسر اعوان دندہ آؤٹ۔۔۔!!!
تحریر : شوکت ملک
گذشتہ دنوں سردار فیض ٹمن کی تحریک انصاف میں شمولیت کی خبر گردش کرتے ہی راقم نےسوشل میڈیا پر ایک پوسٹ لگائی "سردار فیض ٹمن اِن، ملک یاسر اعوان دندہ آؤٹ” جس پر پاکستان تحریک انصاف کے کچھ دوستوں نے جذباتی کمنٹس کیے، حالانکہ یہ میرا ذاتی تجزیہ تھا، کسی کو سیاست کے میدان میں اِن آؤٹ کرنا میرے اختیار میں تو ہر گز نہیں ہے، مگر حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحافت کا ایک ادنیٰ سا طالبعلم ہونے کی حیثیت سے تجزیہ پیش کرنا میرا حق ہے۔
اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ملک یاسر اعوان دندہ ایک انتہائی محنتی، مخلص، بہادر اور صاف گو نوجوان سیاسی لیڈر ہیں، نوجوان نسل میں ان کو خاصی پذیرائی حاصل ہے، وہ گزشتہ کئی ماہ سے تلہ گنگ و لاوہ کی سیاست میں بہت ایکٹو رہے، گویا کہ تلہ گنگ و لاوہ میں پی ٹی آئی کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے والے عمران خان کے یہی سپاہی تھے، جنہوں نے پاکستان تحریک کے ورکر کا ہاتھ تھاما اور انہیں متحرک کیا، بطورِ ضلعی جنرل سیکرٹری ضلع چکوال تلہ گنگ و لاوہ کی تنظیم سازی میں بھی انہوں نے ایک نمایاں کردار ادا کیا، جس کے بعد وہ اہلیہ کی طبیعت خراب ہونے کے باعث بیرون ملک چلے گئے، جبکہ اس دوران ان کے باقی ساتھیوں نے حالات و واقعات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
مگر گزشتہ دنوں سردار فیض ٹمن کی تحریک انصاف میں شمولیت نے گویا کہ ساری کایا ہی پلٹ دی، ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کی خبر سن کر تحریک انصاف کے ورکر اور کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سردار فیض ٹمن ایک انتہائی منجھے ہوئے عوام دوست سیاست دان ہیں وہ سابق ایم این اے بھی رہ چکے ہیں اس کے علاوہ ان کا تلہ گنگ و لاوہ میں ایک وسیع حلقہ احباب، اثر و رسوخ، جان پہچان اور یونین سطح تک تگڑے گروپ موجود ہیں، سردار فیض ٹمن کی تحریک انصاف میں شمولیت نے حریف سیاسی جماعتوں کےلیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
سردار فیض ٹمن کو حلقہ این اے 59 میں قومی اسمبلی کا ٹکٹ ملنے کی صورت میں وہ ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئیں گے اور اگر یہی حالات رہے، تحریک انصاف کی ملک بھر مقبولیت یونہی قائم رہی تو آنے والے الیکشن میں ملک بھر کی طرح حلقہ این اے 59 کی سیٹ بھی سردار فیض ٹمن باآسانی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، وہ الگ بات ہے کہ کیا سردار فیض ٹمن ٹکٹ لینے میں کامیاب ہو جائیں گے، یا پھر اس بار بھی ق لیگ کیساتھ کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی، اور یوں حلقہ این اے 59 میں تحریک انصاف ایک بار پھر بیک فٹ پہ چلی جائے، مگر اس بار ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا کیوں تلہ گنگ و لاوہ کی مقامی قیادت پہلے ہی ق لیگ کے رویے سے نالاں ہے اور اعلیٰ قیادت کو بھی اس بات کا بخوبی علم ہے۔
دوسری جانب سردار فیض ٹمن کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پی ٹی آئی تلہ گنگ و لاوہ کی قیادت بھی انتہائی مطمئن اور خوشگوار موڈ میں نظر آئی جس کا یہ مطلب لیا جاسکتا ہے کہ سردار فیض ٹمن تمام فریقین کو قابلِ قبول ہیں اور وہ تمام دھڑوں کی حمایت حاصل کرتے ہوئے ٹکٹ لینے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے اور یوں پی ٹی آئی تلہ گنگ و لاوہ میں بھی ایک منظم انداز میں آگے بڑھ پائے گی، اور آنے والے الیکشن میں این اے 59 میں مسلم لیگ ن کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ ایسے میں پھر یہ کہنے میں کوئی دقت نہیں کہ تلہ گنگ و لاوہ کی سیاست میں سردار فیض ٹمن کی انٹری کے بعد ملک یاسر اعوان دندہ تقریباً آؤٹ ہوچکے ہیں۔

Leave a reply