تلہ گنگ (شوکت ملک سے) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال/تلہ گنگ کامران نواز پنجوتھا نے تھانہ صدر تلہ گنگ میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا، جس میں ضلع تلہ گنگ کے چاروں تھانوں سے سائلین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں تھانہ سٹی، صدر، ٹمن اور لاوہ کے ایس ایچ اووز اور تفتیشی افسران بھی موجود تھے۔ سائلین نے ڈی پی او کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر ڈی پی او نے موقع پر ہی ان کے حل کے احکامات جاری کئے۔ صحافیوں کی جانب سے اجتماعی مسائل پر ڈی پی او نے کہا کہ اب وہ ہر منگل کو ایس ڈی پی او تلہ گنگ کے آفس میں عوامی مسائل سنیں گے۔ ضلع تلہ گنگ میں تلہ گنگ اور لاوہ دو پولیس سرکل بنائے جا رہے ہیں، جبکہ تین مزید تھانوں ہے قیام کےلئے بھی ورک جاری ہے۔ ہمارے پاس چکوال تلہ گنگ کے دونوں اضلاع میں پولیس ملازمین کی مجموعی تعداد گیارہ سو سے بارہ سو تک کی ہے۔ اب ضلع تلہ گنگ کیلئے گیارہ سو نئی بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ جس سے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔ ڈی پی او کامران نواز پنجوتھا نے مزید کہا کہ لوگوں کو پولیس سے ہی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں لہذٰا اگر کوئی درخواست گزار تھانے آئے تو پرچہ بنتا ہو یا نہیں بنتا ایس ایچ او کو سختی سے ہدایت دے رہا ہوں کہ دونوں پارٹیوں کو بلا کر معاملہ سلجھا دیں تاکہ لوگوں کی امیدیں ختم نہ ہوں۔ تلہ گنگ میں جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ پر ٹریفک اسٹاف سے ملکر لفٹر کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ ٹریفک جام کا مسئلہ بھی حل ہو سکے۔ سوشل میڈیا پر آئے روز مذہبی منافرت پر اسٹیک ہولڈرز سے ملکر میکنزم بنائیں گے تاکہ ایسے معاملات کو فوری کنٹرول کیا جا سکے اور جھوٹی درخواستوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ انہوں نے چاروں تھانوں کے ایس ایچ اووز اور تفتیشی افسران کو ہدایت دیں کہ کھلی کچہری میں پیش کئے جانے والے تمام مسائل کو حل کر کے کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔

Shares: