فائنل میں ناکامی پر شاداب خان نے قوم سے معافی مانگ لی

0
46

لاہور:ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست پر شاداب خان نے قوم سے معافی مانگ لی۔میلبرن میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی۔

فائنل میں ہار کے بعد قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے ٹوئٹ کی ہے، جس میں انہوں نے مداحوں سے شکست پر معذرت کی ہے۔شاداب خان نے کہا کہ قومی ٹیم کی مسلسل حمایت پر ہم پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مداحوں سے مخاطب ہوکر شاداب خان نے کہا کہ ہم نے ہر ممکن کوشش کی لیکن آپ کے لئے ٹرافی نہ جیت سکے، آپ کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکنے پر معذرت چاہتے ہیں۔شاداب خان نے مزید کہا کہ ہم بحیثیت ٹیم خود کو بہتر کرنے اور مزید مضبوطی سے واپسی کی کوشش کریں گے۔آل راؤنڈر نے کہا کہ ہم پر بھروسہ نہ چھوڑیں، آپ کا اعتماد ہمیں مضبوط بناتا ہے۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔

13 نومبر کو میلبرن میں پاکستان اور انگلینڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں مدمقابل آئے۔میچ کے دوران شاداب خان نے ہیری بروکس کو آؤٹ کرکے اپنی 98 ویں وکٹ لی۔

 

اس کے ساتھ ہی شاداب خان ٹی 20 انٹرنیشل میں پاکستان کے سب سے کامیاب بولربن گئے۔اس سے قبل شاداب خان اور شاہد آفریدی 97 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلےٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے کر انگلینڈ دوسری مرتبہ چیمپئن بن گیا۔ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ اننگز

138 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، ہیلز پہلے اوور کی آخری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، تاہم جوز بٹلر نے پر اعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا، وہ 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 26 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

فل سالٹ نے 10 رنز بنائے اور حارث رؤف کی ہی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر ہری بروک تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر حارث رؤف کو کیچ دے بیٹھے۔

اس طرح انگلش ٹیم نے مقررہ ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، بین سٹوکس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 1 چھکے، 5 چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، لیام لیونگسٹون بھی 1 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے سب سے زیادہ 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان اننگز

قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے انتہائی مایوس کن بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر صرف 137 رنز بنائے، اوپنر محمد رضوان 15 رنز بنا کر سیم کرن کا شکار بنے جبکہ ٹیم کے 45 کے مجموعی سکور پر محمد حارث 8 اور بابر 32 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد صفر پر بین سٹوکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود کو 38 اور محمد نواز کو 5 رنز پر سیم کرن نے جبکہ شاداب کو 20 رنز پر کرس جورڈن نے آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم جونیئر 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 3، عادل رشید اور کرس جورڈن نے 2، 2 جبکہ بین سٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave a reply