باغی ٹی وی ،ڈی آئی خان (نامہ نگار )کوہاٹ پولیس نے انتہائی مطلوب اور دہشت کی علامت اشتہاری مجرم شیرمحمد عرف گل شیر کو گرفتار کرلیا ہے۔انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی میں گرفتار خطرناک اشتہاری مجرم کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولہ بارود اور خود کار اسلحہ برآمدکرلیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا پولیس کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل زیر حراست اشتہاری مجرم دہشتگردی،فورسز پر حملوں،دھماکہ خیز مواد رکھنے،اغوا،بھتہ خوری،قتل و اقدام قتل اور بدامنی پھیلانے سمیت درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔زیر حراست اشتہاری مجرم نے گزشتہ عید الاضحی کے روز ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے توغ کے علاقے میں گھر کے اندر دو خواتین کوفائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار کر خوشی کے موقعے کو ماتم میں تبدیل کردیا تھا۔اشتہاری مجرم نے جرائم پیشہ افراد پر مشتمل بین الاضلاعی گروہ بنا رکھا تھا جو کوہاٹ،کرک،ہنگو اور دیگر اضلاع میں بدامنی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔سفاک اشتہاری مجرم کی کالعدم دہشتگرد تنظیموں سے روابط کی بھی چھان بین کی جارہی ہے۔ ا یس پی آپریشنز کوہاٹ بلال احمد نے پولیس کی اس اہم اور کامیاب کاروائی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی پی او کوہاٹ شفیع اللہ خان گنڈا پورکی دوٹوک پالیسی کے مطابق ضلع بھر میں مطلوب اشتہاریوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کلین اپ کے تسلسل میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ایس ڈی پی او صدر سیف الرحمان،ایس ڈی پی او ہیڈ کوارٹر عظمت بنگش،ایس ایچ او ایم آر ایس قسمت خان،ایس ایچ او سٹی اسلام الدین، ایس ایچ او جنگل خیل محمد اقبال،انچارج ڈی ایس بی عظمت خان اور انچارج ریسکیو 15فیض اللہ کی قیادت میں کوہاٹ کے مضافاتی علاقہ تپی کے موضع تالاب بانڈہ میں ایک گھر پر اچانک چھاپہ مارا جہاں چھپے بھاری ہتھیاروں سے مسلح انتہائی مطلوب اشتہاری مجرم شیر محمد عرف گل شیر ولد رئیس خان کو کافی مزاحمت کے بعد نہایت حکمت عملی سے گرفتار کرلیا گیا۔ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ کامیاب آپریشن کے نتیجے میں گرفتار اشتہاری مجرم کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولہ باروداور بھاری و ہلکے خود کار ہتھیار برآمد کرلئے گئے ہیں جس میں راکٹ لانچر،3عدد گولے،3عدد دستی بم،2کلاشنکوف،4چارجرز اور سینکڑوں کارتوس شامل ہیں۔ایس پی آپریشنز بلال احمد نے بتایا کہ سول حساس ادارے اور پولیس و ایلیٹ فورس کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار اشتہاری مجرم خیبر پختونخوا پولیس کو دہشتگردی،فورسز پر حملوں،پولیس مقابلوں،اغوا،بھتہ خوری،قتل واقدام قتل،دھماکہ خیز مواد اور خود کار بھاری ہتھیار رکھنے سمیت درجنوں درجنوں سنگین وارداتوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو انتہائی مطلوب اور گزشتہ کئی سالوں سے روپوش اشتہاری مجرم تھا۔ایس پی آپریشنز کوہاٹ بلال احمد نے بتایا کہ کارروائی میں پکڑے جانیوالے اشتہاری مجرم نے جرائم پیشہ افراد پر مشتمل بین الاضلاعی گروہ بنا رکھا تھا جو علاقے میں بدامنی اور دہشت پھیلانے کی وارداتوں میں ملوث تھا۔انہوں نے بتایا کہ سفاک اشتہاری مجرم نے ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے زاتی عناد پر عید الاضحی کے روزتوغ بالا کے علاقے میں مخالفین کے گھر میں گھس کر دو خواتین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جسکی اس سفاکانہ اور لرزہ خیز واردات سے خوشی کا موقع غم میں تبدیل ہوکر پورا علاقہ سوگوار ہوگیا تھا۔ ایس پی آپریشنز نے مزید بتایا کہ گرفتار اشتہاری مجرم شیر محمد عرف گل شیر کے خلاف دہشتگردی،پولیس پر حملوں،قتل واقدام قتل،لوگوں میں خوف وہراس پھیلانے اور غیر قانونی اسلحہ و گولہ بارود رکھنے سمیت دیگرسنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں اور اسکا کریمینل ریکارڈ مرتب کرلیا گیا ہے۔ایس پی آپریشنزبلال احمد نے بتایا کہ گرفتار خطرناک اشتہاری مجرم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرتے ہوئے کئی سربستہ راز اگل دئیے ہیں اور انہیں مزید قانونی کارروائی کیلئے عدالت کے سامنے پیش کرکے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔ادھر خوف و دہشت کی علامت خطرناک اشتہاری مجرم کی گرفتاری کو بڑی کامیابی قرار دیکر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شفیع اللہ خان گنڈا پور نے کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ شفیع اللہ خان گنڈا پور نے واضح کیا ہے کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصرجرائم سے توبہ تائب ہوکرخودکوقانون کے حوالے کردے بصورت دیگر انہیں سختی سے کچل دیا جائے گا۔

Shares: